طارق انور ، این سی پی اور لوک سبھا سے مستعفی

کٹھیہار ؍ نئی دہلی 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سکریٹری طارق انور نے رافیل معاملت پر شردپوار کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کی مدافعت پر احتجاج کرتے ہوئے اپنی پارٹی اور لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ طارق انور نے اپنے حلقہ لوک سبھا میں اپنے فیصلے کا اعلان کیا اور کہاکہ وہ اپنی پارٹی کے تمام عہدوں اور پارلیمانی رکنیت سے مستعفی ہورہے ہیں۔
طارق انور نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ پوار کی جانب سے ایک مرہٹی روزنامہ کو دیئے گئے انٹرویو پر اُنھیں کافی تکلیف پہونچی ہے جس میں اُنھوں نے کہا تھا کہ رافیل جٹ معاملت میں وزیراعظم نریندر مودی کے غلط ارادے نہیں تھے۔ تاہم بعدازاں این سی پی نے پوار کے اس بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنھوں (پوار) نے وزیراعظم کو کلین چٹ نہیں دیا تھا۔ طارق انور نے جو این سی پی کے ایک بانی رکن اور سابق مرکزی وزیر بھی ہیں، رافیل معاملت کی تحقیقات کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل دینے کانگریس کے مطالبہ کی تائید کررہے ہیں۔