پٹنہ 26 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل یو ‘ آر جے ڈی اور کانگریس نے بہار کی 10 اسمبلی نشستوں پر مقابلہ کیلئے اتفاق کرلیا ہے ۔ یہاں آئندہ ماہ انتخابات ہونے والے ہیں اور ان جماعتوں نے متحدہ مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ نشستوں کی تقسیم اور مشترکہ مقابلہ کے تعلق سے قطعی اعلان سابق چیف منسٹر مسٹر نتیش کمار ممبئی سے 30 جولائی کو واپسی کے بعد کرینگے ۔ آر جے ڈی لیڈر پربھو ناتھ سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات کیلئے اتحاد کو قطعیت دیدی گئی ہے اور نتیش کمار کی واپسی کے بعد اس کا اعلان کیا جائیگا ۔ مسٹر پربھو ناتھ سنگھ نے آر جے ڈی لیڈر رابڑی دیوی کی قیامگاہ پر یہ بات بتائی ۔ نتیش کمار شخصی دورہ پر کل ممبئی کیلئے روانہ ہوئے ہیں اور وہ 30 جولائی کو واپس ہونگے ۔ بہار کے وزیر شیام راجک اور جے ڈی یو رکن اسمبلی بنود سنگھ نے آج آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو سے ملاقات کی اور نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جہاں سے یہ تینوں جماعتیں مقابلہ کرنے والی ہیں۔ راجک نے کہا کہ وہ آر جے ڈی لیڈر کی جانب سے منعقد کی جانے والی افطار پارٹی کے سلسلہ میں یہاں آئے تھیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ تینوں جماعتوں کے مابین اتحاد کو قطعیت دی جاچکی ہے ۔