ہبالی۔ 8مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک کے سابق وزیر و بی جے پی لیڈر سری راملو نے آج پیش قیاسی کی ہے کہ 19مئی کو کندگول اور چنچولیاسمبلی نشستوں کے ہونے والے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر زعفرانی جماعت اگلی حکومت ریاست میں تشکیل دے گی۔اس ضمنی انتخاب کی رائے شماری 23مئی کو ہوگی۔کندگول نشست سے بی جے پی امیدوار چکنا گودار کی حمایت میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ 224رکنی کرناٹک اسمبلی میں بی جے پی کے ارکان کی تعداد 104ہے ۔اگر ضمی انتخاب میں پارٹی کامیاب ہوتی ہے تو یہ تعداد بڑھ کر 106ہوجائے گی اور اس کے نتیجہ میں موجودہ جے ڈی ایس۔کانگریس مخلوط حکومت ناکام ہوگی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کا مظاہرہ مایوس کن رہا ہے اور عوام ناخوش ہیں کیوں کہ کرناٹک میں ترقی ٹھپ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمارا سوامی ریاست کے کئی اضلاع میں تقریباً 80فیصد تک خشک سالی کے کام کروانے میں ناکام رہے ہیں۔ جو شدیدخشک سالی کے حالات سے متاثر ہیں۔