ضمنی انتخابات کانگریس کیلئے سخت آزمائش

سدی پیٹ ۔ /3 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضمنی انتخابات حلقہ لوک سبھا میدک کے پیش نظر آج 11.30 بجے صبح پبلک سروینٹ ہوم (N.G.O.) بھون میں کانگریس کارکنوں کا اجلاس منعقد ہوا ۔ ٹاؤن کانگریس کمیٹی پریسیڈنٹ ورما نے صدارت کی جس میں ایم ایل سی سنتوش کمار ، سریدھر بابو ، سلیم بابر باشاہ ، کریمنگر کے سابق میئر کے علاوہ حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کے انچارج سرینواس گوڑ ، وحید خاں ، شیواپا ، رسول بابا ، زرعی مارکٹ کمیٹی چیرپرسن سرینواس ، شہاب الدین اور الگزینڈر سکندر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایم ایل سی سنتوش کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنیتا لکشما ریڈی ، ایماندار بے باک قائد ہیں ۔ ان کی قائدانہ صلاحیت اور بے داغ سیاست کو دیکھتے ہوئے صدرکانگریس شریمتی سونیا گاندھی نے اُن کو منتخب کیا ۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ضمنی انتخاب کانگریس پارٹی کیلئے ایک امتحان ہے ۔ ہم سب متحدہ طور پر جنگی خطوط پر کام کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی سدی پیٹ سے ایک لاکھ ووٹ کی اکثریت سے کامیاب بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکن گھر گھر پہنچکر کانگریس کے دورے حکومت کی کارکردگی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود اسکیمات سے واقف کروائیں ۔ سریدھر بابو نے خطاب کرتے ہوئے کارکنوں سے اپیل کی سنیتا لکشما ریڈی کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کرتے ہوئے ان کی بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی سعی کریں ۔ سلیم بابر باشاہ ، وحید خاں ، سابق میئر کریمنگر نے بھی خطاب کیا ۔ ورما نے جلسہ کے اختتام سے قبل اعلان کیا کہ کل بالا گوڑ فنکشن ہال میں جلسہ منعقد ہوگا ۔ جس میں جاناریڈی ، امیدوارہ سنیتا لکشما ریڈی ، پونالا لکشمیا صدر بی سی سی ، اتم کمار ایم ایل سی فاروق حسین شرکت کریں گے ۔