ضلع کمرم بھیم کیلئے دفاتر کا تیزی سے قیام

مختلف انتظامی امور کا جائزہ ، ایم پی و ایم ایل اے کی شرکت
منچریال ۔ 15 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منچریال مکرم بھیم ضلع کیلئے تیزی سے سرکاری دفاتر کے قیام کا پدا پلی ایم پی مسٹر بالکاسمن اور منچریال ایم ایل اے مسٹر این دیواکر راو نے منچریال میں آر ڈی او اور دیگر سرکاری عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا تاکہ دسہرہ سے منچریال میں ضلع نظم و نسق کارکرد ہوجائے ۔ اس خصوص میں ایم پی نے کہا کہ چیف منسٹر نے ہر نئے ضلع کیلئے ضروری انتظامات کیلئے ایک کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں ۔ عوام کی سہولت کیلئے تلنگانہ حکومت وزیراعلی مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے نئے اضلاع کے قیام کو عملی شکل دے دی ہے ۔ اس خصوص میں انہوں نے آر ڈی او  منچریال مسرز عائشہ مسرت خانم کو ہدایت دی کہ وہ قبل ازیں نشاندہی کردہ عمارتوں بشمول کلکٹریٹ کیلئے تمام بنیادی ضروریات کا جائزہ لیں اور ضلع ایس پی آفس کیلئے 50 لاکھ روپئے جاری کردیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر ورکنگ جرنلسٹ یونین آفیس کیلئے نئے ضلع منچریال کمرم بھیم میں 5 گنٹہ اراضی فراہم کرنے آر ڈی او کو ہدایت دی اور کہا کہ وہ ان کے فنڈ سے اور ایم ایل اے و ایم ایل سی فنڈز سے تقریباً 30 لاکھ روپئے عمارت کی تعمیر کیلئے منظوری دے رہے ہیں ۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ ٹی آر ایس کے ہر ترقیاتی کام پر نکتہ چینی کررہے ہیں ۔ جبکہ عوام ٹی آر ایس حکومت کے تمام ترقیاتی اسکیمات پر مسرت کا اظہار کررہے ہیں ۔ اس پروگرام میں ایم پی کے ہمراہ ، ایم ایل اے منچریال ، چیرمین میونسپل کونسل منچریال مسرز وسندھرا ، کونسلرز کے علاوہ آر ڈی او ، تحصیلدار دیگر سرکاری عہدیدار و پولیس عہدیداروں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔