ضلع ورنگل میں المناک سڑک حادثہ ، 3 افراد ہلاک

پانچ افرا د شدید زخمی، دواخانہ میں زندگی اورموت کی کشمکش میں مبتلا
حیدرآباد۔/8مئی، ( شاہنواز بیگ کی خصوصی رپورٹ ) حیدرآبادکی اہم شاہراہوں پر ان دنوں خوفناک سڑک حادثوں میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے باعث بے قصور مسافرین کی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ اس معاملہ میں حکومت اور محکمہ روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ کی جانب سے اس کے تدارک کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ سڑک توسیع کرنے کے بعد کھودے گئے ملبہ کو اسی حال میں چھوڑ دینے پر بھی اس طرح کے حادثے ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سارے مقامات پر اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے اور غیر ضروری اسپیڈ بریکرس کی وجہ سے یہ سڑکیں ہلاکت خیز ثابت ہورہی ہیں۔ بھونگیر تا جنگاؤں 4لین سڑک کیلئے چل رہے کام کو ادھورا چھوڑ دیئے جانے سے ایک ہی راستے پر ( ون وے ) دونوں اطراف سے گاڑیاں چلائی جارہی ہیں جس کے نتیجہ میں سڑک حادثے پیش آرہے ہیں۔ آج ایک ایسا ہی افسوسناک واقعہ صبح کے اولین وقت پیش آیا جس میں 3 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہونے کے بعد ایم جی ایم دواخانہ ورنگل میں موت و حیات کی جنگ لڑرہے ہیں۔ یہ واقعہ ضلع جنگاؤں کے اسٹیشن گھن پور علاقہ میں واقع چاگلہ میں پیش آیا جہاں پر 3فور وہیلرس آپس میں بری طرح سے متصادم ہوگئے۔ یہ حادثہ اس قدر بھیانک تھا جس میں گاڑیوں کے پرخچے اُڑ گئے۔ اس حادثے کے فوری بعد مقامی عوام نے 108 پر اور پولیس کو اطلاع دی اور اپنے طور پر راحت کاری اقدامات کرنا شروع کردیا۔ اسی طرح کا ایک اور واقعہ حال ہی میں آلیر میں پیش آیا تھا جہاں لاری اور ٹاٹا سومو کے درمیان تصادم میں 5 افراد بشمول دو خواتین ہلاک ہوگئے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے خوفناک حادثوں کی روک تھام کیلئے حکومت فوری اقدامات کرے۔