ضلع نظام آباد میں 8 مقامات پر دوبارہ رائے دہی

نظام آباد:11؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر مسٹر پی ایس پردیو منا نے بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خرابی کی وجہ سے 8 پولنگ مراکز پر 13؍ مئی کے روز دوبارہ رائے دہی منعقد کی جارہی ہے انہوں نے بتایا کہ ای وی ایم کی خرابی کے باعث ضلع کے بانسواڑہ حلقہ کے حاجی پور پولنگ اسٹیشن نمبر 146 ، نظام آباد رورل حلقہ کے موضع کولاس پولنگ اسٹیشن نمبر 48 ، نظام آباد رورل کے دباک پولنگ اسٹیشن نمبر 168 ، پارلیمانی حلقہ کے بودھن، اسمبلی حلقہ کے رئیس پیٹ پولنگ اسٹیشن نمبر 64 ، گورنمنٹ پرائمر ی اسکول پارلیمانی حلقہ کے نظام آباد رورل کے موضع گنڈہ رام ضلع پریشد ہائی اسکول پولنگ اسٹیشن نمبر 9 ، ظہیر آباد پارلیمانی حلقہ کے جکل اسمبلی حلقہ کے موضع کڑپگل منڈل پریشد اپر پرائمری اسکول کے پولنگ اسٹیشن نمبر 134 ، بانسواڑہ اسمبلی حلقہ کے موضع سدلم پولنگ اسٹیشن نمبر 39 ، بانسواڑہ منڈل کے گرلز پرائمری اسکول پولنگ اسٹیشن نمبر 187 میں 13؍ مئی کو دوبارہ رائے دہی کی جارہی ہے۔لہذا رائے دہندے دوبارہ رائے دہی میں شرکت کرتے ہوئے اپنے حق رائے سے استفادہ کریں۔ ضلع کلکٹر نے مزیدبتایا کہ بلدی انتخابات اور میونسپل کارپوریشن کی رائے شماری کل نظام آباد کے نرملا ہردیا کانونٹ اسکول میں صبح8 بجے سے شروع کی جارہی ہے ۔ ضلع کے 3 بلدیہ اور میونسپل کارپوریشن کی رائے شماری ایک ہی مقام پر کی جارہی ہے اس کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے اور کائونٹنگ عملہ کو ضروری ہدایتیں اور تربیت بھی دی گئی ہے اور ہر بلدیہ کی رائے شماری 4 مرحلوں میں14ٹیبلس پر کی جارہی ہے پولنگ ایجنٹ اور امیدوار صبح 7 بجے کائونٹنگ سنٹر پر پہنچنے اور اپنے ساتھ سیل فون، کیمرہ نہ لانے کی ہدایت دی۔ نرملا ہردیا کانونٹ اسکول میں ضلع کے بلدیہ اور میونسپل کارپوریشن کی رائے شماری کے انعقاد کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے بھاری بندوبست کیا جارہا ہے ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی نے بندوبست کا بھی جائزہ لیا۔