نظام آباد: 30؍ مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع جیل میں محروس قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کی اطلاع کے بموجب ریاستی حکومت نے جی او نمبر 38 جاری کرتے ہوئے عمر کی قید سزاء کاٹنے والے اور دیگر سزاء یافتہ قیدی ان کے رویہ میں تبدیلی عمل میں لانے پر رہا کرنے کیلئے احکامات جاری کیا تھا۔ جس پر ضلع جیل سے 17 قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی۔ ضلع جیل میں 10 عمر قید کی سزاء کاٹنے والے 7 دیگر قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل بھاسکر نے یہ بات بتائی۔
سڑکوں پر گندہ پانی بہانے کے خلاف مقدمات کا انتباہ
یلاریڈی۔/30مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکانات اور ہوٹلوں سے نکلنے والا گندہ پانی اگر سڑکوں پر چھوڑا گیا تو مقدمات درج کرنے کا محکمہ آر اینڈ بی DEE مسٹر ستیہ نارائنا ریڈی نے انتباہ دیا۔ انہوں نے منڈل ناگی ریڈی پیٹ مستقر پر انجام دیئے جارہے بی ٹی روڈ کے کام کا معائنہ کیا۔ گتہ دار کو بہتر طریقہ سے کام کروانے کا مشورہ دیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ناگی ریڈی پیٹ میں کچھ افراد اپنے مکانات سے گندہ پانی سڑک پر بہارہے ہیں جس سے سڑک آئے دن خستہ حال ہورہی ہے۔ مالتمیدہ گیٹ سے یلاریڈی منڈل کے ماچا پور تک تقریباً گیارہ کیلو میٹر سڑک جدید بنانے کیلئے تین کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ یلاریڈی مستقر پر بھی شاہراہ کو سی سی میں بدلنے کیلئے چار کروڑ روپئے سے 3200 میٹرس روڈ تعمیرات کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔