ضلع نظام آباد سے 2 مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا جائے

نظام آباد:یکم فبروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کانگریس قیادت کو اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ ملک میں فرقہ پرستی کے بڑھتے ہوئے سیلاب کو روکنے اور سیکولر قوتوں کے استحکام کیلئے اقلیتوں کو بھی سنجیدہ اور مبسوط لائحہ عمل کے ساتھ متحدہ طورپر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے آج نظام آباد میں منعقدہ ضلعی سطح کے اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد سمیر احمد چیئرمین اقلیتی ڈپارٹمنٹ نظام آباد نے صدارت کی۔ جبکہ ضلع بھر سے 500 سے زائد اقلیتی قائدین اور کارکنوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے صدر ضلع کانگریس جناب طاہر بن حمدان نے کہاکہ اقلیتیں ہمیشہ کانگریس کے ساتھ ہیں‘ انہو ں نے کہاکہ ضلعی سطح پر اقلیتی نمائندوں کے ساتھ پہلی مرتبہ منعقدہونے والے اجلاس کو خوش آئند قراردیا اور کہاکہ اس طرح کے اجلاس کے ذریعہ اقلیتوں کے مسائل سے واقف ہونے کا موقع فراہم ہوگااور اقلیتوںکے ساتھ کانگریس کا

رابطہ استوار ہوگا۔ اس اجلاس میں منڈل سطح کے اقلیتی قائدین اور ضلعی قائدین کے جذبات و احساسات اور ان کے مسائل کو انہوں نے ضلع سے تعلق رکھنے والے وزراء اور عوامی نمائندوں سے نمائندگی کرتے ہوئے حل کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس نے ہمیشہ مسلمانوں کے مسائل کے بارے میں سنجیدہ اقدامات کئے ہیں۔ کانگریس کی اعلیٰ قیادت ملک بھر میں مسلمانوں کو ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے ذریعہ سے قومی دھارے میں شامل کرتے ہوئے ان کی پسماندگی کے خاتمہ کی خواہاں ہے۔ ملک بھر میں حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات انہی کوششوں کاحصہ ہے۔ سابق صدر ضلع کانگریس مسٹر جی گنگادھر نے کہاکہ جن اسمبلی حلقوں میں مسلمانوں کی قابل لحاظ آبادی موجود ہے وہاں اقلیتی نمائندوں کو اسمبلی کا ٹکٹ دینا چاہئے۔ انہوں نے نظام آباد اربن حلقہ اسمبلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ نظام آباد میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے رائے دہندوںکی اکثریت ہے وہ بھی شخصی طورپر مسلم امیدوار کو ٹکٹ دینے کی وکالت کریں گے۔ انہوں نے اقلیتی قائدین پر زوردیا کہ وہ اپنے حقوق کو منوانے کیلئے آگے آئیں اور اپنا حق حاصل کریں۔

بحیثیت صدر ضلع نظام آباد میں انہوں نے 9سالہ دور میں مسلمانوں کو مناسب نمائندگی دینے کا ادعا کیا اور کہاکہ وہ ہمیشہ اقلیتی امور و مسائل پر ایوان اقتدار پر موجود وزراء کے متوجہ کرتے رہے ہیں۔ سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے اپنی تقریر میں کہاکہ گجرات حکومت نے مسلمانوں کو سرکاری مراعات سے محروم کردیا ہے۔ مرکزی حکومت کی میچنگ گرانٹ کے باوجود گجرات کے مسلم طلباء اسکالرشپس سے محروم ہیں ان حالات میں اگر ایسا شخص وزیراعظم کے عہدہ پر مامور ہوتاہے تو وہ مسلمانوں کے مفادات پر کاری ضرب لگائے گا۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں پر زوردیا کہ موجودہ حالات میںوہ اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے سیکولرقوتوں کو مستحکم کریں۔ اس موقع پر نونامزد چیرمین اقلیتی ڈپارٹمنٹ سمیر احمد نے اپنی تقریر میں اس عزم کا اظہار کیا چونکہ اقلیتیں کانگریس کے ساتھ ہیں وہ اقلیتوں کو بھرپور مواقع فراہم کرنے کیلئے ممکنہ سعی جدو جہد کریں اور اقلیتی اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے متعلقہ عہدیداروں سے نمائندگی کرتے ہوئے نشانوں کو پورا کرنے کے اقدامات کریںگے۔انہو ں نے کہاکہ وہ صدر ضلع وقف کمیٹی کی حیثیت سے ضلع میں تمام مسلمانوںکے ساتھ اوقافی مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کریں گے۔ مولانا کریم الدین کمال نائب صدر ضلع کانگریس نے اپنی تقریر میں کہاکہ ایک وقت تھا کہ مسلمان حکمران تھے اب مکمل پسماندگی کا شکار ہیں ہر شعبہ میں نا انصافی جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی اور نوجوان راہل گاندھی کی قیادت میں ملک میں نئے عزائم کے ساتھ اقلیتوں کو بھرپور ترقی کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ تحفظات کے ثمرات سے مسلمانوںکی معیشت مستحکم ہوئی ہے

اور ہزاروں طلبہ کو انجینئرنگ میڈیسن میں داخلہ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے مرکزی سطح پر وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے ضلع نظام آباد سے اقلیتی نمائندوں کو ریاستی سطح کے چیرمین کے عہدہ دئیے جانے کی مانگ کی۔ اس موقع پر علی بن عبداﷲ سابق معاون رکن ضلع پریشد‘ عثمان حضرمی رکن وقت کمیٹی‘ محمد فصیح الدین صدر تنظیم المسلمین آرمور‘ مشتاق ملک صدر ٹاون اقلیتی سیل کے علاوہ منڈل صدور نے مخاطب کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اقلیتی مسائل سے واقف کرایا۔ اس موقع پر این رتناکر پی سی سی سکریٹری‘ جناب محمد اشفاق احمد خان‘ ذاکر الدین‘ عمر عبدالستار(نائب صدور)‘ ظفر خان‘ علی بن عبداﷲ(جنرل سکریٹریز)‘ مسالہ سدھاکر راؤ خازن‘ گھن راج صدر ضلع یوتھ کانگریس‘ اے سمن صدر ضلع این یس یو آئی‘ محمد عیٰسی سکریٹری‘ ایم اے جلیل‘ عبدالقدیر جمیل (این آر آئیز) سعید بن عبداﷲ حمدان‘ سید عرفان علی‘ احمد اعجاز‘ سید مقصود شاہ عالم‘ قدرت اﷲ خان افسر صدرعلامہ اقبال ویلفیر سوسائٹی کے علاوہ منڈل صدور و قائدین کے علاوہ منڈل قائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نونامزد چیئرمین اقلیتی ڈپارٹمنٹ کانگریس سمیر احمد کی مختلف قائدین کی جانب سے بکثرت گلپوشی کی گئی۔