زیڈ پی ٹی سی و ایم پی ٹی سی کے انتخابات پُرامن
سنگاریڈی۔/6اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک میں زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی انتخابات کے پہلے مرحلہ کے تحت 24منڈلوں میں آج صبح 7 بجے سے رائے دہی کا آغاز ہوا جو کہ پُرامن رہا۔ زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے129 امیدوار اور ایم پی ٹی سی کیلئے 349 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمائی کررہے ہیں۔ رائے دہی کے موقع پر میردوڈی منڈل کے موضع موتے میں رقم کی تقسیم کرنے کی شکایت حزب مخالف پارٹی قائدین نے کی جس کے بعد موضع کے عوام نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا۔ پولیس نے فوری طور پر دونوں گروپوں کو منتشر کرتے ہوئے پرامن رائے دہی کو یقینی بنایا۔ میدک کے حویلی گھن پور موضع میں ووٹر لسٹ نام نہ ہونے پر رائے دہندوں نے دھرنا منظم کیا۔ منورمنڈل کے موضع انکا پلی میں تلگودیشم اور کانگریس کارکنوں کے درمیان لفظی جھرپ ہوگئی جس کی وجہ سے تقریباً 10منٹ تک رائے دہی متاثر رہی ۔ بعد ازاں پولیس نے وہاں پہنچ کر لاٹھی چارج کرتے ہوئے دوبارہ رائے دہی کا آغاز کروایا۔ شیموشی باجپائی ایس پی ضلع میدک نے کندی، چیریال اور پوتریڈی پلی مواضعات کے پولنگ مراکز کا معائنہ کیا جبکہ ضلع کلکٹر میدک سمیتا سبھروال نے ویب کیمروں کے ذریعہ رائے دہی کا مشاہدہ کیا۔ ضلع میدک میں رائے دہی کا فیصد 80 رہا۔ 11اپریل کو دوسرے مرحلے کی رائے دہی22منڈلوں میں ہوگی۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ رائے دہندوں کیلئے پولنگ مراکز پر پینے کے پانی کا انتظام کیا جائے۔