ضلع محبوب نگر میں عنقریب فارما سٹی کا قیام

محبوب نگر /21 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میں فارما سٹی کے کاموں کا بہت جلد آغاز عمل میں آئے گا ۔ فارما سٹی کے قیام کے تعلق سے عوام شکوک و شبہات کا شکار نہ ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر بڑی صنعت جوپلی کرشنا راؤ نے پیر کے دن ضلع محبوب نگر کی حیدرآباد سے ملحقہ سرحد آمنگل کے کڑتال میں فارما سٹی کے قیام کیلئے نشاندہی کردہ اراضیات کا معائنہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا ۔ نشاندہی کردہ اراضیات کا لیڈ سروے اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے معلومات حاصل کیں ۔ سرکاری اور جنگلاتی اراضیات کے علاوہ کسانوں سے حصول اراضی کے تعلق سے بھی واقفیت حاصل کی ۔ محبوب نگر ، رنگاریڈی کی سرکاری اور خانگی اراضیات جو سڑک کی تعمیر کیلئے ضروری ہیں اس تعلق سے بھی انہوں نے جانکاری حاصل کی ۔ متعلقہ عہدیداروں نے میاپ کے ذریعہ ریاستی وزیر کو ساری تفصیلات سے آگاہ کرایا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فارما سٹی کے قیام سے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا ۔ گذشتہ 60 سال میں سیما آندھرا کے شاطر حکمرانوں نے جو ترقیاتی کام تلنگانہ میں نہیں کئے حکومت تلنگانہ انہیں صرف 5 سال میں پورا کرکے دکھائے گی ۔ ٹی آر ایس حکومت صنعت کے شعبہ پر توجہ دیتے ہوئے اس کو ترقی دینے کیلئے سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے ریاست میں آلودگی سے پاک صنعتوں کے قیام کا اعلان کیا ۔