ضلع محبوب نگر میں بارش سے ذخائر آب لبریز

محبوب نگر یکم / ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع بھر میں گذشتہ 5 روز سے زبردست بارش کے نتیجہ میں ضلع کے تالاب اور کنٹے لبریز ہوگئے ۔ سڑکیں تباہ ہوئیں ۔ فصلوں کو نقصان ہوا ۔ مکانات میں پانی داخل ہوا ۔ ذرائع آمد و رفت متاثر ہوئے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں 5.2 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس میں سب سے زیادہ شادنگر میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ضلع کی دنڈوبی اور کاگنا ندیاں مکمل لبریز ہوچکی ہیں ۔ ضلع کے مختلف مقامات پر بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے کی شکایت عام ہیں ۔ شادنگر منڈل کے کندرگ اور ک تور میں طوفانی بارش کی وجہ سے ٹیکولاپلی ، مہادیوپور ، ریگڑی چلکامری ، دیہاتوں میں فصلوں کو نقصان پہونچا ۔ کوڑنگل میں گذشتہ روز مسلسل 5 گھنٹے بارش سے محبوب نگر تانڈور شاہراہ پر واقع کاگنا برج پر 6 فٹ اونچائی تک پانی بہنے سے آمد و رفت مسدود ہوگئی ۔ کوٹ پلی ڈیم ضلع رنگاریڈی کے گیٹ کھول دینے سے کاگنا برج پر پانی کے بہاؤ میں کمی واقع ہوئی ۔ حلقہ اسمبلی دیورکدرہ کے بھوت پور ، اڈاکل اور دیورکدرہ منڈلوں میں زبردست بارش کی اطلاعات ہیں ۔ نارائن پیٹ منڈل میں 3 سنٹی میٹر جبکہ کوئل کنڈہ ، دامرگدہ اور دھنواڑہ میں ایک ایک سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ نارائن پیٹ منڈل کے سنگارم تیراپلی میں دو مکانات مہندم ہوگئے ۔ کولاپور منڈل کے اڑملا کے واگو میں شدید بارش سے پنٹلہ ویلی اور مولا چنتلاپلی کے عوام کو آمد و رفت میں سخت تکالیف پیش آئیں ۔ ناگرکرنول ڈیویژن کے بجاناپلی میں 2.14 سنٹی میٹر اور تاڈور میں 1.58 بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اسی طرح مکتھل منڈل میں پنچ دیو پہاڑ اور آتماکور کے امرچنتہ میں 3 مکانات منہدم ہوگئے ۔ سنگم بنڈہ ریزروائٹر میں پانی زیادہ جمع ہونے سے کپاس کے کھیت بھر گئے ۔ گدوال کے دھرور منڈل میں زبردست براش سے نیٹم پاڈو کے مین کنال کے ذریعہ تالابوں میں پانی پراجکٹ میں اتوار کی شب تک 200760 کیوزکس انفلو ریکارڈ کیا گیا ۔ تیز بارش کی وجہ سے 27 دروازے بھی کھول دئے گئے ۔ جس میں سے 15 گیٹس کو 2 میٹر کی اونچائی اور 12 گیٹس کو ایک میٹر کی اونچائی سے چھورا گیا ۔ جبکہ پراجکٹ کی سطح 318.450 میٹرس بتائی جاتی ہے ۔ نارائن پور ڈیم سے 68162 کیوزکس اور المٹی ڈیم سے 57924 کیوزکس پانی جورالا میں چھوڑے جانے کی اطلاع متعلقہ عہدیداروں نے سیاست نیوز کو دی ۔ برقی پیداوار کیلئے 41378 کیوزک پانی کو محفوظ کرتے ہوئے باقی پانی کو چھوڑا جارہا ہے ۔ جورالا کے گیٹس کے کھول دینے کے بعد پانی کے بہاؤ کا منظر دیکھنے کیلئے ضلع کے دور دراز سے عوام جوالا پہونچ رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ مستقر محبوب نگر پر شدید بارش کی وجہ سے شہر کی اہم سڑکیں تباہ ہوگئیں اور جگہ حگہ گہرے گڑھے پر گئے ہیں ۔ خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کو تکالیف کا سامنا ہے ۔ اہم سڑکوں نیو ٹاون ، کلکٹریٹ اور سرینواس کالونی میں سڑکوں پر بڑی مقدار میں پانی جمع ہونے سے وقفے وقفے سے ٹریفک جام ہو رہی ہے ۔ مستقر کے راجیا باؤلی میں بھی بارش کی وجہ سے مکان منہدم ہونے کی اطلاع ہے ۔