ضلع عادل آباد میں دسویں جماعت کے 178 امتحانی مراکز

عادل آباد /6 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع عادل آباد میں 27 مارچ تا 15 اپریل منعقد ہونے والے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں 39308 طلباء اور طالبات حصہ لے رہے ہیں ۔ یہ بات ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر مسٹر پی وی جے راما راؤ نے متعلقہ عہدیداروں کو بتاتے ہوئے امتحان میں شرکت کرنے والے طلباء اور طالبات کو امتحانی مراکز پر تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ ضلع میں 178 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں 18 امتحانی مراکز خانگی مدارس سے تعلیم حاصل کردہ طلباء و طالبات کیلئے ہیں۔ امتحانی مراکز کو تین زمروں میں منقسم کیا گیا جس کے تحت A84، B67 ، C27 زمرہ بنائے گئے ہیں ۔ 35157 مستقل طلباء اور 4151 خانگی مدارس کے طلباء اور طالبات امتحان میں شرکت کریں گے ۔ نقل نویسی کے تدارک کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ امتحانی مراکز کے اطراف و اکناف میں پائے جانے والے زیراکس سنٹرس کو بند رکھنے اور امتحان میں حصہ لینے والے طلباء کو امتحانی مراکز میں سیل فون رکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ امتحان میں شرکت کرنے والے طلباء کو اپنے اپنے امتحانی مراکز پر نصف گھنٹہ قبل حاضر رہنے کا مشورہ دیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل دفتر کے میٹنگ ہال میں منعقدہ اس اجلاس میں اے ڈی مسٹر جیلانی باشاہ ، متعلقہ امتحانی کمشنر محترمہ انورادھا ، سپرنٹنڈنٹ مسٹر لائق علی ، اے ایس او مسٹر سری ہری بھی موجود تھے ۔