ضعیف ماں کو ماویسٹ بیٹے کی گھر واپسی کا انتظار

قومی دھارے میں شامل ہوجانے سدھاکر سے ضلع ایس پی نرمل کی اپیل

نرمل۔/26 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل ضلع کے منڈل سارنگ پور کے ایک نوجوان نے 1981ء سے انتہا پسند تحریک میں شامل ہوتے ہوئے آج ماویسٹ سنٹرل کمیٹی کا رکن ہے جس کا نام سوامی عرف سدھاکر ہے جبکہ اس کی ضعیف ماں اپنے بیٹے کی گھر واپسی کے لئے گھر کی چوکھٹ پر نظریں بچھائے بیٹھی ہے ، کوئی دوسرا سہارا اس خاتون کو نہیں ہے تاہم نئے ضلع ایس پی مسٹر سی ششی دھر راجو نے کل اپنے ماتحت عہدیداروں کے ہمراہ سارنگ پور منڈل پہنچ کر ماویسٹ کی ماں کا میڈیکل چیک اپ کرواتے ہوئے انہیں اشیائے ضروری ، کپڑے، کرانہ سامان فراہم کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اخباری نمائندوں کے ذریعہ ماویسٹ سدھاکر سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی دھار ے میں شامل ہوتے ہوئے اپنے آپ کو قانون کے حوالے کردے ، قانون ـآئندہ زندگی کیلئے حکومت کی جانب سے جو ممکن ہو وہ امداد فراہم کرے گا۔ ضلع ایس پی مسٹر ششی دھر راجو نے ماویسٹ کی ماں سے کافی دیر گفتگو کرنے کے بعد بتایا کہ ایک ماں اپنے لخت جگر کو یاد کرتے ہوئے ہر دن رورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کے راستہ کی کوئی منزل نہیں ہوتی انتہا پسندی کے راستہ کو ترک کرتے ہوئے اپنی ماں کی خدمت کیلئے وہ اپنے آپ کو قانون کے حوالے کردے ۔ ششی دھر راجو نے اخباری نمائندوں کے ذریعہ یہ پیام دیا ہے کہ ماویسٹ کی ضعیف ماں کا حال دیکھا نہیں جاتا، اس نے دکھ بھری آواز میں بتایا کہ کئی برسوں سے پولیس اس کا خیال کرتے ہوئے مدد کررہی ہے ، میری ایک ہی خواہش ہے کہ میرا بیٹا واپس گھر آجائے۔ واضح رہے کہ سی ششی دھر راجونے نرمل ضلع ایس پی کی حیثیت سے ایک ہفتہ قبل ہی جائزہ حاصل کیا۔