ضعیف آٹو ڈرائیور کی قابل تقلید فلاحی خدمات

آرمور /20 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آرمور مستقر سعیدآباد کالونی سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن ابوالحسن جن کی عمر 80 سال بائی گئی وہ ایک آٹو ڈرائیور ہیں ۔ وہ آٹو کے ذریعہ ضعیف معذور لوگوں کی مدد کرتے ہوئے انہیں اپنی منزل تک پہونچاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں وہ اپنے ساتھ ایک پٹرول کی بوتل رکھتے ہیں تاکہ کسی مسافر کی گاڑی میں پٹرول ختم ہوجائے تو اس کی مدد کی جاسکے وہ ہر سال نمایاں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کی ہمت افزائی کیلئے رقمی انعامات بھی دیتے ہیں ۔ غریب طلباء کو مفت کاپیوں کی تقسیم بھی کرتے ہیں ۔ اپنے آٹو کے ذریعہ جون کے ماہ میں تعلیمی بیداری مہم بھی چلاتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر تقاریر کرتے ہیں ۔ کسی بھوکے غریب آدمی کو مکان لاکر پیٹ بھرکر کھانا کھلانا ان کے روزانہ کا معمول ہے ۔ ہر ماہ حکومت کی جانب سے آئے ہوئے راشن کے چاول وغیرہ کو کسی غریب خاندان کو دے دیتے ہیں ۔ اپنے آٹو میں مختلف بیانر کے ذریعہ برائے میٹاؤ مہم شادی کو آسان بناؤ مہم چلا رہے ہیں ۔ تقریباً 10 سال کے عرصہ سے موسم گرما میں پنے آٹو میں پانی رکھ کر عوام کو پلانا بھی ان کا معمول ہے ۔ اس طرح حال ہی میں انہوں نے اپنے مکان کے روبرو ایک پانی کا بور اپنا ذاتی خرچ سے ڈلواکر پڑوسیوں کو پانی دے رہے ہیں کیونکہ ان کے پڑوس میں پانی کی شدید قلت ہے اور اس پانی کے بور کے ذریعہ ان کے مکان کے قریب واقع مسجد آمینہ کو پانی دے رہے ہیں تاکہ مصلیوں کو سہولت ہو ۔ اس طرح کئی کاموں کے ذریعہ وہ عوام کو سہولتیں پہونچا رہے ہیں ۔ اس خدمت کو دیکھتے ہوئے کئی تنظیموں نے انہیں ایوارڈ و تہنیت سے نوازا ہے ۔ اس طرح وہ آرمور میں آرمور گاندھی کے لقب سے مشہور ہیں ۔