بھینسہ میں غرباء میں بلانکٹس کی تقسیم، جناب ایم این زاہد بیگ کا خطاب
بھینسہ /30 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اللہ سبحانہ تعالی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ساری دنیا کے لئے رحمۃ للعالمین بناکر بھیجا، اس لئے ہم مسلمانوں کو ساری انسانیت سے ہمدردی، حسن سلوک اور لوگوں کی مدد کرنا چاہئے۔ کیونکہ ہر انسان اللہ تعالی کا بندہ اور حضرت آدم و حضرت حوا علیہما السلام کی اولاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب ایم این بیگ زاہد سکریٹری جماعت اسلامی ہند شعبہ خدمت خلق تلنگانہ و اڑیسہ نے بھینسہ میں جماعت اسلامی شعبہ خدمت خلق کی جانب سے غریب اور مستحق افراد میں بلانکٹس کی تقسیم کے دوران منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے بہت سے انسانوں کو دولت سے سرفراز کیا اور بہت سوں کو محروم رکھا، لیکن قیامت کے دن سب سے پہلے غریب لوگ جنت میں جائیں گے اور دولت مندوں سے اللہ پاک حساب و کتاب لے گا، لہذا اللہ تعالی کی عطا کردہ دولت کا صحیح استعمال کرتے ہوئے ہر ضرورت مند انسان کی مدد کرتے ہوئے اللہ تعالی کو خوش رکھنا چاہئے۔ پروگرام کا آغاز اسلامیہ ماڈل اسکول کے طالب علم کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ افتتاحی کلمات جناب سید خلیل امیر مقامی جماعت اسلامی ہند بھینسہ نے ادا کئے، جب کہ مولوی اسحاق جماعت اسلامی ہند ناظم ضلع عادل آباد اور ڈاکٹرس اسوسی ایشن بھینسہ کے صدر مسٹر دامودھر ریڈی نے خطاب کیا۔ اس پروگرام میں بھینسہ اور اطراف و اکناف کے غریب و مستحق 150 افراد میں بلانکٹس ڈیسنٹ فنکشن ہال میں تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ویلفیر پارٹی قائدین سید آصف صدر بھینسہ، عبد الجبار بنارسی، سعید احمد ایڈوکیٹ، عبد اللطیف، منیر بنارسی اور الیاس احمد راحل بھی موجود تھے۔ پروگرام کی کارروائی مرزا قاسم بیگ (الیاس) نے چلائی۔