ضامن روزگار مزدوری کی اجرت راست اکاونٹ میں منتقل

کیرامیری /20 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اڈیشنل پراجکٹ ڈائرکٹر ضامن روزگار اسکیم انجیا نے آج اپنے بیان میں کہا کہ ضامن روگار کے مزدوروں کی اجرت راست مزدور کے کھاتے میں ہی جمع کروائی جائے گی ۔ تفصیلات کے بموجب اڈیشنل پراجکٹ ڈاپئرکٹر ضامن روزگار اسکیم انجیا آج کیرامیری کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے ضامن روزٰار کے دفتر کے کمپیوٹر میں محفوظ 2012 سے اب کی ضامن روزگار سے متعلقہ تمام تفصیلات حاصل کی ۔ اس کے بعد انہوں نے منڈل کے موضع کولام جھری کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے دستگیر نامی کسان کی زمین کو نرسری پلانٹ کیلئے کرائے پر حاصل کیا اور دستگیر نامی کسان کو ہدایت دی کہ وہ اس زمین کی صفائی کرکے جلد از جلد ضامن روزگار کے عہدیداروں کے حوالے کرے ۔ اسی موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اڈیشنل پراجکٹ آفیسر نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سے قبل کیرامیری منڈل میں فرضی ناموں کے ذریعہ 4 کروڑ 50 لاکھ روپیوں کے غبن کے علاوہ ریاست کے کئی مقامات پر ایسے ہی قسم کے دھاندلیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ اسی لئے حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضامن روزگار کے مزدور کی مزدوری کی رقم سیدھا مزدور کے ہی بینک اکاونٹ میں جمع کرادی جائے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے منڈل کے تمام ضامن روزگار اسکیم سے وابستہ مزدوروں سے اپیل کی کہ جس کسی کے پاس بھی بینک اکاونٹ موجود نہیں ہیں وہ مزدور جلد از جلد جن دھن اسکیم کے تحت زیرو اکاونٹ کھول لیں ۔ اڈیشنل پراجکٹ کے اس دورہ کے موقع پر ان کے ساتھ مقامی اے پی او ناگیش ایم پی ڈی او سید ساجد علی موجود تھے ۔