ضابطہ کھیل کود میں بہتری کیلئے سرکاری کمیٹی

نئی دہلی ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بدعنوانی کے الزامات سے داغ دار سریش کلماڈی اور ابھے چوٹالہ کو لائف پریسیڈنٹس نامزد کردینے سے متعلق انڈین اولمپک اسوسی ایشن (آئی او اے) کے فیصلے پر ہنگامہ کے اعادے کو روکنے کیلئے پُرجوش وزیر کھیل کود وجئے گوئل نے آج ایک کمیٹی تشکیل دی جو نیشنل اسپورٹس کوڈ میں بہتریاں لانے کیلئے تجاویز پیش کرے گی۔ منسٹری نے ایک بیان میں کہا کہ آئی او اے معاملہ کے تناظر میں وزیر امور نوجوانان اور کھیل کود (آزادانہ ذمہ داری) وجئے گوئل نے سکریٹری (اسپورٹس) کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو نیشنل اسپورٹس ڈیولپمنٹ کوڈ اور اسپورٹس فیڈریشنس وغیرہ کے کام کاج میں بہتری لانے کیلئے تجاویز پیش کرے گی۔ یہ کمیٹی اپنی رپورٹ اندرون ایک ماہ دے گی۔