صنم کو شکست ‘ سمدیو کی پیشقدمی

بوسن(کوریا) ۔4اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار سمدیو دیورمن نے اپنے تجربات سے مکمل فائدہ اٹھاتے ہوئے کوریا کے یانگ کیو لم کو شکست دیتے ہوئے ہندوستان کو 1-1کی برابری دلوائی ۔ کیونکہ ابتدائی مقابلہ میں صنم سنگھ کو ہائی آن چونگ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔سمدیو کو بھی ڈیوس کپ کے کریئر کا آغاز کرنے والے اور درجہ بندی میں 289ویں مقام پر موجود کھلاڑی کے خلاف تین گھنٹے 34منٹ کی سخت جدوجہد کے بعد 7-6(4)‘ 7-6(3) ‘ 6-4 کی کامیابی حاصل ہوئی۔

17سالہ کوریائی کھلاڑی جو گذشتہ برس ومبلڈن کے جونیئر زمرے میں خطابی مقابلے کی شکست برداشت کی تھی اُس نے اس مقابلہ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ صنم کو حریف کھلاڑی کے 6-7(5) ‘ 4-6 ‘ 4-6کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔کوریا کے نمبر ایک کھلاڑی نے دو گھنٹے 45منٹ طویل مقابلے میں صنم کو شکست دی ۔ کوریائی کھلاڑی حالانکہ ٹورنمنٹ میں کامیابی کیلئے پسندیدہ نہیں ہے لیکن انہوں نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو آسان فتوحات بھی نہیں دی ہے۔ آج کے نتائج کے بعد روہن بوپنا اور ان کے ساتھی سکیت مینینی کیلئے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ کل کھیلے جانے والے ڈبلز کے مقابلے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹیم پر بن چکے دباؤ کو ختم کرے ۔