برمنگھم۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کر کٹ ٹیم کے کپتان سر فراز احمد نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پورا ایونٹ ہمارے لئے اہم ہے، صرف ہندوستان کے میچ کو اہم نہیں لیں گے،اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف میچ میں ہم پر کوئی دبائو نہیں ہوگا‘ کھلاڑیوں کو بتادیا ہے کہ وہ اس میچ کو آسانی سے کھیلیں، ہندوستان کے خلاف میچ کے لئے ٹیم کا انتخاب وکٹ دیکھ کر کیا جائے گا۔ ہوسکتا ہے کہ اس میچ میں چار فاسٹ بولروں کو آزمایا جائے ، جو بھی فیصلہ ہوگا وہ وکٹ دیکھ کر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ایک دو اسپنرز کو بھی موقع مل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈر19 ورلڈ کپ میں ہندوستان کو شکست دی تھی اور امید ہے اس مرتبہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اپنی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو شکست دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ گروپ میچوں میں تمام ٹیموں کو شکست دینے کی کوشش کریں گے تاکہ ہماری درجہ بندی میں بھی بہتری آسکے۔ پاکستان کا بولنگ کمبی نیشن بہت زیادہ مضبوط ہے، ہم ہندوستان کے خلاف اور دیگر میچوں میں پوری صلاحیتوں کو بروے کار لا کر جیتنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں سے کہا کہ ہے وہ پرسکون ہو کر میچوں میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی توجہ آئی سی سی ٹرافی پر مرکوز ہے۔ تینوں فارمیٹ کی قیادت کا فیصلہ پی سی بی کرے گا، مجھ پر بیٹنگ میں قیادت کا کوئی دبائو نہیں ہوگا۔یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا مقابلہ 4 جون کو کھیلاجائے گا جہاں ہندوستانی ٹیم اپنے خطاب کے دفاع کی مہم کا آغاز کرے گی۔