صرف مودی لہر پر انحصار نہ کریں

پونے ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بی جے پی کارکنوں کو انتباہ دیا کہ وہ صرف مودی لہر پر انحصار کرتے ہوئے تن آسانی کا شکار نہ بنیں۔ کارکنوں سے مخاطب ہوئے گڈکری نے کہا کہ ملک میں مودی لہر کی وجہ سے اقتدار حاصل ہوا ہے لیکن انہوں نے کارکنوں سے مطالبہ کیا کہ وہ صرف مودی لہر پر انحصار نہ کرتے ہوئے بنیادی سطح پر عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا اعتماد جیتیں۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نے گذشتہ رات یہاں ایک پارٹی کی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پراعتماد رہیں اور مودی کی لیڈر شپ پر بھروسہ رکھیں لیکن یہ خواب نہ دیکھیں کہ ریاستی انتخابات میں صرف مودی لہر کے ذریعہ کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے ریاستی چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان اور ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کے ان الزامات کو بھی مسترد کردیا جس میں کہا گیا تھا کہ مرکز نے پونے سے پہلے ناگپور میں میٹرو پراجکٹ کو منظوری دی ہے تاکہ سیاسی مفادات حاصل کئے جاسکیں۔ گڈکری نے کہا کہ عنقریب پونے کے پراجکٹ کو بھی منظوری دے دی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پونے کے میٹرو پراجکٹ کی منظوری میں تاخیر کی اصل وجہ پونے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ضابطہ کی کارروائی مکمل نہیں کی ہے۔