بودھن25 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کل سہ پہر ضلع نظام آباد کیلئے مقرر مبصر شریمتی ٹی کے سری دیوی نے سب کلکٹر آفس بودھن میں عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پانچ انتخابات ایک ساتھ آنے سے عوام الناس و رائے دہندگان کو مسائل درپیش آسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر انتخابات کے دوران صد فی صد رائے دہی کو یقینی بنانے الیکشن ڈیوٹی پر مقرر عملے کے افراد و عہدیدار کوئی کثر باقی نہ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر رائے دہندگان کو دھوپ سے محفوظ رکھنے شامیانے نصب کریںاور پینے کا پانی بیت الخلاء جیسے بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے مثبت اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو مبصر الیکشن سری دیوی نے ہدایت دی ۔ اس موقع پر سب کلکٹر بودھن مسٹر ہری نارائن کے علاوہ تحصیلدار سری کانت کمشنر بلدیہ بودھن پرساد راؤ بھی موجود تھے ۔