صدر کے نام فوجی افسران کے مکتوب کو کانگریس کی تائید

وزیراعظم مودی ، امیت شاہ ، یوگی آدتیہ ناتھ پر فوج کے استحصال کا الزام
نئی دہلی ۔12اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر چند بی جے پی قائدین کی طرف سے ووٹوں کے حصول کیلئے مسلح افواج کے نام کے استعمال و استحصال کے خلاف فوج کے ریٹائرڈ سرکردہ افسران کی طرف سے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے نام ارسال کردہ مکتوب کی مکمل حمایت کرتے ہوئے سیاسی مقاصد کیلئے فوج کے استعمال و استحصال کی مذمت کی ۔ کانگریس نے ووٹوں کے حصول کیلئے فوج کے نام کے مبینہ استعمال پر وزیراعظم مودی ، اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کے دیگر قائدین کے خلاف سخت کارروائی کیلئے صدر جمہوریہ سے درخواست کی ۔ واضح رہے کہ مسلح افواج کے دو سابق سربراہان کے بشمول فوجی خدمات کے 8 سابق سربراہان نے 11اپریل کو صدر جمہوریہ کے نام ایک مکتوب روانہ کیا تھا ۔ کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ وزیراعظم مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے عام جلسوں میں اپنے خطاب کے دوران پلوامہ دہشت گرد حملہ کا کئی مرتبہ حوالہ دیا ہے ۔ پرینکا چترویدی نے مزید کہا کہ ’’ یہ بیانات اس لئے کئے جارہے ہیں کیونکہ دونوں قائدین ان حملوں کے ذریعہ 2019ء کے انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ‘‘ ۔