کراکس ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ونیزوئلا میں نئے دستور کے لئے جو متنازعہ انتخابات منعقد کروائے گئے ہیں، اس کے خلاف احتجاج میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور تشدد میں اب ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ صدر نکولس مدورو کے مخالفین نے آج ایک بار پھر ملک گیر پیمانے پر احتجاجی مارچ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ احتجاجیوں کے خلاف پولیس کارروائیاں بھی کی جارہی ہیں جن کی احتجاجیوں نے کوئی پرواہ نہیں کی جبکہ گذشتہ چار ماہ سے جاری احتجاج میں ہلاکتوں کی جملہ تعداد 120 ہوگئی ہے۔ دوسری طرف امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ونیزوئلا پر مزید تحدیدات عائد کرنے کی دھمکی کی پرواہ کئے بغیر مدورو نے دریں اثناء اتوار کو منعقدہ رائے دہی میں کامیابی کا یہ کہہ کر دعویٰ کیا کہ رائے دہی کا تناسب 41.5 فیصد رہا۔ کل احتجاجیوں نے کئی پولنگ اسٹیشنوں کوبھی نشانہ بنایا جس کا سیکوریٹی فورسیس نے فائرنگ کرتے ہوئے کرارہ جواب دیا۔