صدر جمہوریہ کے ایٹ ہوم میں مودی مرکز توجہ

نئی دہلی /15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی صدر جمہوریہ کے یوم آزادی ایٹ ہوم میں مرکز توجہ تھے۔ صیانتی عملہ کے گھیرے میں بھی وہ مہمانوں سے ملاقات کر رہے تھے اور انھیں مبارکباد پیش کر رہے تھے۔ ہاتھ جوڑے ہوئے مودی نے مدعوئین سے اپنی یوم آزادی تقریر پر مبارکباد قبول کی۔ مغل گارڈن کے سبزہ زار پر منعقدہ اس تقریب میں صدر کانگریس سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، ان کی شریک حیات گرشرن کور، چیف جسٹس آف انڈیا آر ایم لودھا، مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، ارون جیٹلی، اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن، قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد اور دیگر شریک تھے۔ صدر جمہوریہ نے اہم شخصیات کے ساتھ مغل گارڈن میں چہل قدمی کی۔ ان کے ساتھ چائے اور لوازمات میں مختلف ممالک کے سفیر بھی شریک ہوئے۔ کابینی وزراء اور دیگر سفارتکاروں کی جملہ تعداد 1500 تھی، لیکن نریندر مودی سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔