نظام آباد:9؍ اپریل( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)صدرنشین ضلع کوآپریٹیو سنٹرل بینک پٹواری گنگادھر کی کانگریس پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت پر کانگریس قائدین کی جانب سے زبردست ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے پٹواری گنگادھر کے خلاف سازش کرتے ہوئے انہیں ضلع کوآپریٹیو سنٹرل بینک کے عہدہ سے برخواست کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی اطلاع ہے۔ پٹواری گنگادھر گذشتہ 30 سال سے بودھن کوآپریٹیو سنگل ونڈو کے صدر کی حیثیت سے مسلسل منتخب ہوتے ہوئے آرہے ہیں یہ سابق ریاستی وزیر پی سدرشن ریڈی کے قریبی رفقاء میں شمار کئے جاتے تھے جس کی وجہ سے مسٹر سدرشن ریڈی نے گذشتہ 10سال سے انہیں ضلع کوآپریٹیو صدر کی حیثیت سے منتخب کرنے کیلئے کوشاں تھے اور 2013ء میں ہوئے کوآپریٹیوسوسائٹی کے انتخابات میں انہیں ضلع کوآپریٹیو صدر کی حیثیت سے کامیاب بنانے کیلئے اہم رول ادا کیا تھا۔ اور ہائی کمان سے ان کی امیدواری کی منظور ی حاصل کی تھی۔ جبکہ ضلع کے کئی اہم قائدین پٹواری گنگادھر کی مخالفت کررہے تھے ۔2013 ء سے5سال قبل ہوئے کوآپریٹیو انتخابات میں پٹواری گنگادھر کو ڈی سی ایم ایس چیرمین کی حیثیت سے مقابلہ کیا تو کانگریس پارٹی کے ایک گروپ نے ان کی مخالفت کرتے ہوئے ان کو ناکام بنایا تھا جس کی وجہ سے سدرشن ریڈی نے شخصی طورپر ان کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ سدرشن ریڈی کے خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت پر کانگریس کے قائدین میں ناراضگی پائی جارہی ہے اور پٹواری گنگادھر کو بودھن سنگل ونڈو صدر کی حیثیت سے برخواست کرنے کیلئے ان پر تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی اطلاع ہے۔ بودھن کوآپریٹیو سنگل ونڈو صدر کی حیثیت سے تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہوئے کامیاب ہونے کی صورت میں ضلع کوآپریٹیو سنٹرل بینک کے عہدہ سے ان کو مجبوراً مستعفی ہونا پڑیگااور اس سلسلہ میں کانگریس قائدین مصروف ہے ۔دوچار دن میں اس بارے میں واضح صورت منظر عام پر آنے کی اطلاع ہے۔