وعدہ پورا کرنے حکومت سے مسلمانان ظہیرآباد کی اپیل
نیالکل۔ 29 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے میونسپل کونسل صدرنشین بلدیہ چنوری لاونیا کی ڈسمبر میں میعاد مکمل ہونے جارہی ہے۔ دوسری میعاد کیلئے مسلم تلگو دیشم امیدوار محترمہ شبانہ تنظیم کو منتخب کرنے کا ایک معاہدہ ریاستی وزیر آبپاشی ہریش راؤ، ایم ایل سی فریدالدین، رکن پارلیمان بی بی پاٹل، تلگو دیشم انچارج وائی نروتم کے درمیان 2014ء کے بلدی صدارتی اور نائب صدر کے انتخابات کیلئے طئے پایا تھا جس میں صدرنشین بلدیہ کیلئے شبانہ نائب صدر اشوک سیری کے ناموں کی تجویز پیش کی گئی جس کے تحت مذکورہ ارکان بلدیہ نے موجودہ صدرنشین بلدیہ چنوری لاونیا کی تائید کی تھی۔ مائناریٹی سینئر سٹیزن اسوسی ایشن صدر عبدالجبار، محمد قاسم علی، محبوب غوری، مبین نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے مارکٹ کمیٹی سی ڈی سی کے اہل نشست پر آج تک بھی کسی مسلم امیدوار کو نامزد نہیں کیا گیا جبکہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد48% مسلم اکثریتی والا حلقہ ہے۔ یہاں بغیر مسلم تائید کے اسمبلی اور پارلیمنٹ نشست پر کامیابی ناممکن ہے اور محترمہ شبانہ تنظیم ایک سیکولر، تجربہ کار سیاست داں ہیں جنہوں نے محکمہ بلدیہ میں عوامی مسائل پر حکومت سے کامیاب نمائندگی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ شبانہ تنظیم ظہیرآباد کی تاریخ میں پہلی مسلم صدرنشین بلدیہ ہوں گی۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے اپنے وعدہ کو پورا کرتے ہوئے صدرنشین بلدیہ ظہیرآباد محترمہ شبانہ تنظیم کو منتخب کرنے کا مطالبہ کیا۔