صدرجمہوریہ سے مرکزی وزراء کی ملاقات میں متعلقہ وزیر لاپتہ

نئی دہلی ۔ /2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر دیہی ترقیات بریندر سنگھ اور 3 سینئر مرکزی وزراء صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے اراضی آرڈیننس کے سلسلے میں بات چیت کرنے کیلئے آج ملاقات کرنے والے تھے ۔ حالانکہ صدرجمہوریہ سے ملاقات کیلئے 3 سینئر وزراء مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی ، وزیر قانون سدانندگوڑا اور وزیرشوارع نتن گڈکری صدرجمہوریہ سے ملاقات میں موجود تھے لیکن ربط پیدا کرنے کی ہرممکن کوشش کے باوجود بریندر سنگھ کا پتہ نہیں چل سکا ۔ حالانکہ اراضی آرڈیننس ان ہی کی وزارت سے متعلق ہے ۔ سابق مرکزی وزیر برائے دیہی ترقیات سینئر کانگریس قائد جئے رام رمیش نے ہریانہ کے قائد پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی ریاست ہریانہ کے ’’ٹریجیڈی ‘‘ کنگ ہیں ۔ بریندر سنگھ کانگریس سے ترک تعلق اور بی جے پی میں شمولیت سے پہلے کہہ چکے ہیں کہ وہ ہریانہ کی سیاست کے ’’ٹریجیڈی ‘‘ کنگ ہیں ۔ آج اپنی غیرحاضری کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی غیرحاضری سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ کیونکہ صدرجمہوریہ سینئر قائدین سے مشاورت کرچکے ہیں ۔ بعد ازاں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے مشاورت کے بعد اراضی آرڈیننس کو اپنی منظوری دیدی ۔