صدارتی مقابلہ کیلئے السیسی فوجی عہدے سے مستعفی

قاہرہ 27 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر میں پہلے جمہوری منتخبہ صدر محمد مرسی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے 9 ماہ بعد فوجی سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی نے آج فوج کی ملازمت ترک کردی اور صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا ۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ انتخابات میں بآسانی کامیابی حاصل کرلیں گے ۔ فیلڈ مارشل سیسی نے کل فوج سے اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا ۔ انہوں نے مسلح افوا ج کی سپریم کورنسل کو وزیر دفاع کی حیثیت سے بھی استعفیٰ پیش کردیا ۔

انہوں نے گذشتہ سال جولائی میں فوجی بغاوت کے ذریعہ محمد مرسی کو اقتدار سے بیدخل کردیا تھا ۔ ایک ٹی وی بیان میں السیسی نے کہا کہ انہوں نے فوج سے استعفیٰ پیش کردیا ہے اور وہ صدارتی انتخاب لڑنا چاہتے ہیں۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ چونکہ السیسی مقبولیت رکھتے ہیں اور اپوزیشن مستحکم نہیں ہے اس لئے وہ بآسانی کامیاب ہوجائینگے ۔ السیسی نے 45 برس تک فوج میں خدمات انجام دی ہیں اور انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب وہ فوجی یونیفارم ترک کردینگے ۔ وہ قوم کی خدمت کرنے کا موقع ملنے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور وہ مصر کو دہشت گردی سے آزادی دلانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔