سنگاریڈی /21 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈپٹی اسپیکر اسمبلی پدمادیویندر ریڈی نے رامچندراپور گریٹر حیدرآباد میں سوچھ حیدرآباد میں شرکت کرتے ہوئے بی ڈی ایل سائی نگر ایلامایا کالونی کا دورہ کیا اور اس دوران عوامی مسائل کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ سوچھ حیدرآباد پروگرام کے تحت عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے کہ اپنے محلوں میں صاف صفائی پر توجہ دیتے ہوئے ایک صحتمند سماج کی تشکیل کی راہ ہموار کریں ۔ سڑکوں پر کچرا ناڈالیں ۔ بلدی عملے کے ساتھ تعاون کریں اور محکمہ بلدیہ کو چاہئے کہ تمام محلہ جات کا احاطہ کرتے ہوئے کچرے کی نکاسی پر خصوصی توجہ کرنا ہے اور پودے لگاتے ہوئے سرسبز و شاداب شہر میں تبدیل کرنا ہے ۔ ڈرینج اور موریوں کی صاف صفائی ، عوام کو پینے کے پانی کی سربراہی ، مکانات کے اطراف ماحول کو صاف رکھنا شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب رکھنے میں عوام کا تعاون از حد ضروری ہے ۔ پدمادیویندر ریڈی ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اگرم سائل حل نہ ہوں تو وزیر اعلی کے چندرا شیکھر راو سے نمائندگی کرتے ہوئے مسائل حل کئے جائیں گے ۔ ٹی آر ایس حکومت مشن کاکتیہ پروگرام کے تحت ہزاروں تالابوں کی صاف صفائی کا بیڑا اٹھاتے ہوئے جلد سے جلد تالابوں کی مٹی کی نکاسی کے کام جنگی خطوط پر کر رہی ہے ۔ سوچھ حیدرآباد پروگرام کے تحت رامچندر پورہ میں 15 دنوں کے بعد ایک اور پروگرام منعقد کرتے ہوئے عوامی شعور بیدار کیا جائے ۔ اس موقع پر مہیپال ریڈی رکن اسمبلی پٹن چیرو ، وینکٹ ریڈی ضلع جوائنٹ کلکٹر ، وجئے لکشمی ڈپٹی کمشنر ، سریندر ریڈی ، ڈی ایس پی شکنتلا ریڈی تحصیلدار ، سوامی ریڈی صدر سرپنچ فورم و دیگر بلدی عہدیدار موجود تھے ۔