ونپرتی میں بھوک ہڑتالی کیمپ سے رکن اسمبلی ڈاکٹر چنا ریڈی کاخطاب
ونپرتی۔ 22 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت، ریاست کے تمام بیڈروم مکانات کی فراہمی کا وعدہ کرتے ہوئے چار سال کا عرصہ ہوگیا لیکن ہنوز اس پر عمل آوری نہ ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایل اے ونپرتی ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے کیا۔ شہر ونپرتی کے راجیو چوک پر تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹ یونین آئی جے یو کے زیراہتمام صحافیوں کو ڈبل بیڈروم منظور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک روزہ بھوک ہڑتال کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس بھوک ہڑتال کا یونین قائد سرینو نے افتتاح کیا۔ اس بھوک ہڑتال کی تمام اپوزیشن سیاسی جماعتیں اور تنظیموں نے تائید کی۔ اس موقع پر ایم ایل اے ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے بھی بھوک ہڑتال کیمپ پہنچ کر بھوک ہڑتال کی تائید کی اور مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں چوتھا ستون کے مانند مانے جانے والے صحافیوں کو ریاستی حکومت بالکلیہ نظرانداز کررہی ہے۔ ڈبل بیڈروم مکان ہر صحافی کو دینے کا وعدہ کیا لیکن چار سال کا عرصہ ہوا۔ اب تک اس پر عمل آوری نہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج صحافیوں کو جان کا خطرہ لاحق ہونے کے باوجود وہ فرائض کو انجام دے رہے ہیں۔ صحافیوں کو اپنے فرائض کے انجام دینے کیلئے کوئی وقت مقرر نہیں ہوتا۔ مضطرب زندگی گذارنے والے صحافیوں کو نظرانداز کرنا قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری ریاست تلنگانہ کے ہر صحافی کو ڈبل بیڈروم منظور کریں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی ونپرتی میں 2,400 ڈبل بیڈروم مکانات کی منظوری ہوئی ہے۔ اس میں 250 الاٹ کرنا باقی ہے۔ 250 مکانات کو صحافیوں کیلئے مختص کرنے کیلئے ضلع کلکٹر سے نمائندگی کرنے کا انہوں نے تیقن دیا۔ اس موقع پر کانگریس، تلگو دیشم، بی جے پی، سی پی ایم، سی پی آئی اور دیگر تنظیموں کے قائدین نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر یونین کے قائدین مدھو گوڑ، پرشانت، ناگیندر چاری، محمد یعقوب علی، محمد عبدالواحد، محمد شفیع، محمد فخرالدین، محمد عبدالوحید، عبدالعلیم، تیجا کے علاوہ دیگر موجود تھے۔