صحافیوں میں دراڑ ڈالنے کی کوشش، مراعات کی عدم فراہمی

حکومت کے طرز عمل پر تنقید، شاد نگر میں ٹی یو ڈبلیو جے کے اجلاس سے ڈی امر اور دیگر کا خطاب

شاد نگر۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صحافتی میدان میں کام کرنے والے ہر ایک صحافی کو ایکریڈیشن کارڈ ، آرٹی سی، ریلوے پاس اور ہیلت کارڈ فراہم کرنے کے علاوہ صحافیوں کو درپیش تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے جامع اور واضح منصوبہ کو روبہ عمل لایا جائے۔ صحافی ان دنوں کئی ایک مسائل سے دوچار ہیں۔ ضلع محبوب نگر ٹی یو ڈبلیو جے کی جانب سے منعقدہ تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ ٹی یو ڈبلیو جے محبوب نگر ضلع صدر جی سرینواس کی صدارت میں جلسہ منعقد ہوا۔ ڈی امر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے باوجود تلنگانہ ریاست میں کام کرنے والے صحافیوں کے لئے مراعات تو حاصل نہیں ہوئے بلکہ صحافیوں کے مسائل کو مزید لیت و لعل کا شکار بنادیاگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دہوں سے صحافیوں کو اکریڈیشن کارڈ بس پاس اور ہیلت کارڈ فراہم کیا جاتا ہے لیکن صحافیوں کو ملنے والے مراعات کو تلنگانہ حکومت روکنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس کے علاوہ ورکنگ جرنلسٹ میں دراڑ ڈالنے میں مصروف ہے۔ تلنگانہ حکومت صحافیوں میں مزید اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کے بجائے ورکنگ جرنلسٹوں میں تفرقہ پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹ یونین کی قومی سطح پر بین الاقوامی سطح پر مسلمہ حیثیت ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح سرکاری ملازمین کو میڈیکل سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں

 

اسی طرح مختلف اخبارات میں کام کرنے والے اور الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو سرکاری ملازمین کی طرح میڈیکل سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔ صحافتی میدان میں کام کرنے والے صحافیوں کو اراضی پٹہ یا پھر دو بیڈ روم مکان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ورکنگ جرنلسٹ یونین کی کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں ہے۔صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ورکنگ جرنلسٹ یونین ہمیشہ جدوجہد کرتی رہے گی۔ اس موقع پر مختلف یونینوں سے وابستہ نمائندوں نے ٹی یو ڈبلیو جے میں شرکت کی۔ ڈی امر نے صحافیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹی یو ڈبلیو جے کو مزید مضبوط کریں۔ تلنگانہ اسٹیٹ ٹی یو ڈبلیو جے جنرل سکریٹری وراحت علی اور دیگر نے مخاطب کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور صحافیوں کے درپیش مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا۔ قبل ازیں مہمان قائدین شاد نگر آئی پی گیسٹ ہاوز سے ریالی کی شکل میں شاد نگر چوراہا پہنچ کر امبیڈکر مجسمہ پر پھو مالا چڑھایا۔ محبوب نگر ضلع ٹی یو ڈبلیو جے کی جانب سے مہمانوں کا خیرمقدم کیا گیا اور مہمانوں کی شال پوشی و گلپوشی اور مومنٹوز دیئے گئے۔ ضلع محبوب نگر ٹی یو ڈبلیو جے کی جانب سے منعقدہ جلسہ میں ضلع بھر کے مختلف منڈلوں میں مختلف اخبارات میں کام کرنے والے صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔