صبح کی سیر

صبح سویرے اٹھ کر چہل قدمی کرنا صحت کیلئے انتہائی مفید ہے ۔ صبح کے وقت فضاء میں آکسیجن کی بہت زیادہ مقدار ہوتی ہے ۔ جو لوگ صبح سویرے اٹھ کر دوڑتے بھاگتے اور ورزش کرتے ہیں ان کے پھیپھڑے آکسیجن کی بہت سی مقدار اپنے اندر جذب کرتے ہیں-
اور ایسے لوگ ہمیشہ تندرست رہتے ہیں ۔ آپ نے ان پرندوں اور جانوروں کا مشاہدہ کیا ہوگا کہ وہ علی الصبح نیند سے بیدار ہوجاتے ہیں ۔ ابھی فجر کی اذان بھی نہیں شروع ہوتی تو چڑیاں پیڑوں پر اللہ تعالی کی حمد و ثناء کرنے لگتی ہیں ۔ یہ منظر کتنا اچھا لگتا ہے ۔ آپ اگر صحت مند اور چاق چوبند رہنا چاہتے ہیں تو صبح سویرے اٹھنے کی عادت ڈالئے ۔ نماز پڑھ کر اللہ تعالی کا شکر ادا کیجئے پھر کسی ہرے بھرے میدان یا پارک میں پہونچ کر ہلکی پھلکی ورزش کیجئے جو بچے رات دیر سے سوتے ہیں وہ صبح جلدی نہیں اٹھتے ۔ اس لئے رات کو جلدی سوجائیے تاکہ صبح سویرے بیدار ہوکر خود کو تازہ دم کرسکیں ۔