صبا کریم بورڈ میں کرکٹ آپریشن کے جنرل منیجر مقرر

نئی دہلی۔23 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے سابق کرکٹر صبا کریم کو کرکٹ آپریشنز کیلئے بورڈ میں جنرل منیجر کے عہدے پر تقررکیا ہے ۔ ان کی مدت آئندہ سال2018 میں یکم جنوری سے شروع ہوگی۔ بی سی سی آئی نے آج یہاطلاع دی۔ صبا اس عہدے پر فائز رہ کر کرکٹ شعبے کو حکمت عملی کے تحت ہدایات دینے ، آپریشن کی منصوبہ بندی کو نافذ کرنے ، بجٹ طے کرنے ، میچ کے قوانین کو نافذ کرنے کے سلسلے میں نگرانی، میچ کے جائے انعقاد کی حالت اور معیار کا تعین اورگھریلو پروگراموں کی انتظامیہ کی نگرانی کرنے کی ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔صبا اپنا عہدہ یکم جنوری سے سنبھالیں گے اور بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہول جوہری کو رپورٹ پیش کریں گے اور بورڈ کی حکمت عملی اور اس کی منصوبہ بندی کو نافذ کرنے میں ان کی مدد کریں گے ۔سابق وکٹ کیپر صبا کریم ہندوستانی ٹیم کی ایک ٹسٹ اور34 ونڈے میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں۔ اپنے18 سالہ کیریئر میں وکٹ کیپر 120 فرسٹ کلاس میچ اور120 لسٹ اے میچوں میں بھی کھیلا ۔گھریلوکرکٹ میں انہوں نے56.66 کی اوسط سے 22 سنچریاں اور33 نصف سنچریاں بھی بنائی اور اپنی گھریلو ٹیموں بہار اور پھر بنگال کی جانب سے7000 فرسٹ کلاس رنز بنائے ۔بنگلہ دیش میں ایشیا کپ میں ان کی آنکھ میں شدید چوٹ کی وجہ سے ان کا کریئر متاثر ہوا تھا۔ صبا کو سال2012 میں ایسٹ زون کا سلیکٹر بھی منتخب کیا گیا تھا لیکن وہ بطور کمنٹیٹر کافی مقبول ہوئے۔