شیونارائن چندر پال کا کیرئیر غیر یقینی کیفیت کا شکار

برج ٹاون (بارباڈوس) 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آرڈر بلے باز شیو نارائن چندرپال کا کیرئیر ہنوز غیر یقینی کیفیت کا شکار ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں ادعا کیاگیا ہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز کو دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اطلاعات میںکہا گیا ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے 40 سالہ چندر پال کو سبکدوشی اختیار کرلینے کی ترغیب دی تھی جسے انہوں نے قبول نہیں کیا۔ اس کے بعد انہیں دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے سلیکٹرس مستقبل کو نظر میں رکھتے ہوئے ٹیم کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں ایسے میں یہ امکان بالکل نہیں ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹسٹ میچس میں چندرپال کو ٹیم کا حصہ بنایا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ کلائیو لائیڈ کی قیادت میں سلیکشن کمیٹی آئندہ دو دن میں دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹسٹ ٹیم کا اعلان کریگی ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ چندر پال نے گذشتہ دنوں ٹیم انتطامیہ سے ملاقات کی تا کہ اپنے مستقبل کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔

حالیہ عرصہ میں چندر پال اپنے روایتی فارم میں نہیں ہیں۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں چندر پال کو مشکلات کا سامنا رہا ہے ۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بلے باز نے صرف 92 رنز بنائے تھے جن میں اعظم ترین اسکور 46 تھا ۔ افریقہ کے خلاف سیریز میں وہ صرف 91 رنز ہی جوڑ سکے تھے ۔ گذشتہ سال تاہم چندر پال کا فارم بہترین تھا انہوں نے 64 کے اوسط سے رنز بنائے تھے جن میں بنگلہ دیش کے خلاف سنچری بھی شامل تھی جو ان کے ٹسٹ کیریئر کی 30 ویں سنچری رہی۔ گیانا سے تعلق رکھنے والے بلے باز نے اپنے کیرئیر میں 51 کی اوسط سے 11 ہزار 867 رنز بنائے ہیں۔ وہ ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز اسٹار برین لارا کے 11 ہزار 953 رنوں کے ریکارڈ سے صرف 86 رنز پیچھے ہیں۔ پیر سے دورہ آسٹریلیا کیلئے ویسٹ انڈیز کا تیاری کیمپ شروع ہوگا ۔ پہلا ٹسٹ 3 جون سے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹسٹ 11 جون سبینا پارک کنگسٹن میں کھیلا جائے گا۔