ممبئی 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹسٹ آف اسپنر شیو لال یادو کو سپریم کورٹ نے غیر آئی پی ایل معاملات کے لئے بی سی سی آئی کا عبوری صدر منتخب کیا ہے جو یہاں اتوار کو ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کو مطلع کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مجوزہ اجلاس کی صدارت میں کررہا ہوں۔ بی سی سی آئی کی ویب سائیٹ نے اشارہ دیا تھا کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر جنھیں سپریم کورٹ نے آئی پی ایل سے متعلق اُمور کے لئے بی سی سی آئی کا صدر منتخب کیا ہے، وہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے
لیکن حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے شیو لال یادو نے کہاکہ میں یہ نہیں جانتا کہ گواسکر چونکہ آئی پی ایل کے متعلق مصروفیات کی وجہ سے دوبئی میں موجود ہیں، وہ مذکورہ اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ 57 سالہ یادو نے مزید کہاکہ سپریم کورٹ جس نے 16 اپریل کی سنوائی میں بی سی سی آئی کو جو ہدایت دی ہے اُس کے متعلق اِس اجلاس میں تبادلہ خیال ہوگا اور یہی اِس اجلاس کا ایک اہم موضوع ہوگا۔ سپریم کورٹ نے معزول صدر این سرینواسن کی جانب سے داخل کردہ درخواست کو مسترد کردیا ہے جس میں اُنھوں نے غیر آئی پی ایل معاملات کے لئے صدارت کے حصول کے لئے اپیل کی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اِن کی درخواست مسترد کردی چونکہ جسٹس مڈگل کمیٹی کی جانب سے داخل کردہ رپورٹ میں اِن کا نام بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں بورڈ کے سکریٹری سنجے پٹیل کے علاوہ چند اہم عہدیدار متحدہ عرب امارات میں ہیں لیکن وہ مقررہ وقت پر ہندوستان پہونچتے ہوئے مجوزہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔