ممبئی ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی کے سینئر قائد اجیت پوار نے آج کہا کہ ان کی توہین کرتے ہوئے اور مذاق اڑاتے ہوئے شیوسینا کے ترجمان سامنا میں جو کارٹون شائع کیا گیا ہے، اس کی شیوسینا کو بھاری قیمت چکانی ہوگی۔ وہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کارٹون سے پوری مراٹھا برادری کی توہین ہوئی ہے۔ دریں اثناء شیوسینا نے کارٹون کی اشاعت پر معذرت خواہی سے انکار کردیا۔ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے کہاکہ ریاست کے عوام شیوسینا کو معذرت خواہی سے انکار پر سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا کا یہ موقف اس کے دوہرے معیاروں کو بے نقاب کرتا ہے کیونکہ وہ عوام کو زبردستی معذرت خواہی پر مجبور کرتی ہے۔