بی جے پی ’’ناقابل اعتبار‘‘ ، جتن رام مانجھی کا بیان
پٹنہ۔ 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور شیوسینا اپنے 25 سال قدیم تعلقات ختم کرنے کے دہانے پر ہیں جبکہ چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی آج مہاراشٹرا کی پارٹی سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے بی جے پی کو ’’ناقابل اعتبار‘‘ شراکت دار قرار دیا۔ مانجھی نے جنتا دل (یونائٹیڈ) کے گزشتہ سال جون میں اسی بنیاد پر بی جے پی سے ترک تعلق کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اتحاد کے متفقہ اصولوں پر انحراف کررہی تھی اور دستور کے خلاف کام کررہی تھی۔ اسی کے پیش نظر جے ڈی (یو) فیصلہ کیا کہ بی جے پی کے ساتھ تعلقات ختم کردیئے جائیں۔ وہ ’’جنتا کے دربار میں مکھیہ منتری ‘‘ پروگرام کے موقع پر علیحدہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے واضح طور پر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ سابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار ، نریندر مودی کے حریف نہیں تھے، بلکہ بی جے پی سے ترک تعلق قومی مسائل پر بھگوا پارٹی کے مقاصد سے اختلافات کی بناء پر ہوا تھا۔