نئی دہلی ۔22 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کے ساتھ مذاکرات پر کامیابی کی توقع ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے آج کہا ہے کہ یہ جماعت بی جے پی کی قدیم دوست ہے اور مستقبل میں یہ دوستی برقرار رہے گی ۔ ہندوستان ٹائمز لیڈر شپ سمیٹ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر کا یہ ریمارک ایسے وقت آیا جب دو دن قبل مرکزی وزیر اور مہاراشٹرا بی جے پی کے انچارج راجیو پرتاب روڈی نے یہ امید ظاہر کی تھی کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت سے کوئی نہ کوئی خوشخبری آئیگی ۔ انھوں نے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے کارکنوں سے دوبارہ اتحاد کیلئے دباؤ بڑھ رہا ہے۔