شیوراج کی ‘جن آشیرواد یاترا’ پر پتھراؤ، بی جے پی کا کانگریس پر الزام

چرھٹ ، 3 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع سدھی کے چرھٹ میں وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی’جن آشیرواد یاترا’ پر نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طور پر پتھراؤ کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ مدھیہ پردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ کے اسمبلی حلقہ چرھٹ میں ہوئے اس واقعہ کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے جہاں ایک طرف اسے کانگریس کی بوکھلاہٹ قراردیا ہے ، وہیں کانگریس نے پورے معاملہ سے پلہ جھاڑ لیا ہے ۔کل دیر رات چرھٹ میں نامعلوم لوگوں نے شیوراج سنگھ چوہان کے رتھ پر مبینہ طور پر پتھر پھینکے ۔ اس کے بعد شیوراج سنگھ چوہان نے منچ سے اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ چھپ کر پتھر پھینکنے والوں میں اگر طاقت ہے تو وہ سامنے آکر مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان بزدلانہ حرکتوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور ان کے ساتھ عوام ہے ۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ کانگریس ریاست کی سیاست کو کہاں لے جائے گی، مدھیہ پردیش میں تشدد کی سیاست کو کبھی جگہ نہیں ملی ہے ۔ وہیں واقعہ کے سامنے آنے کے فورا بعد اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ مخالفین پر کسی قسم کی جارحیت کانگریس کی ثقافت نہیں ہے۔ انہوں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی بھی کانگریسی شامل نہیں ہے ۔ اجئے سنگھ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے اور چرھٹ کے عوام کو بدنام کرنے کے لئے یہ سازش رچی گئی ہے۔