شینزو آبے کا آئندہ ہفتے ایران کا دورہ

ٹوکیو ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) جاپانی وزیراعظم شینزو آبے اگلے ہفتے ایران کا دورہ کریں گے۔ جاپانی حکام نے آج جمعرات کو بتایا کہ ٹوکیو حکومت ابھی اس دورے کی تفصیلات طے کر رہی ہے۔ حکام کو امید ہے کہ یہ دورہ امریکہ اور ایران کے مابین ثالثی میں مدد گار ثابت ہو گا۔ مئی کے اواخرمیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان کے دورے کے دوران کہا تھا کہ وہ تہران کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آبے ایرانی صدر حسن روحانی اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقاتیں کریں گے۔ گزشتہ چار دہائیوں میں کسی جاپانی وزیر اعظم کا ایران کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔