شیمپو کا انتخاب بالوں کے مطابق کریں

بالوں کی بھی تین اقسام ہیں۔ چکنے بال، نارمل بال، خشک بال۔ ہمیشہ اپنے بالوں کے مطابق شیمپو کا انتخاب کرنا چاہئے۔ شیمپو بالوں کی تیزابیت کو ختم کرتا ہے۔ بالوں کے بڑھنے اور گرنے کا انحصار آپ کی صحت پر بھی منحصر ہے۔
آپ کے جسم کو اگر مناسب مقدار میں پروٹین اور دوسرے وٹامن مل رہے ہیں تو آپ کے بال بھی صحت مند اور لمبے اور چمکیلے ہوں گے۔بالوں کی حفاظت بھی اسی طرح ضروری ہے جس طرح ہم اپنے باقی اعضاء کی حفاطت کرتے ہیں۔ اکثر خواتین بالوں کو لمبا کرنے کے طریقوں سے ناواقف ہوتی ہیں۔ ان کے خیال میں اگر بالوں کو نہ کٹوایا جائے تو بال بڑھتے رہتے ہیں۔ یہ سوچ بالکل غلط ہے۔ اگر آپ کے بال لمبے ہیں تو آپ کو چاہئے کہ مہینے میں ایک بار ان کی نوکیں کٹوائیں، اس سے بالوں کو بڑھنے میں مدد ملے گی۔ ہفتہ میں دو بار بالوں کی جڑوں میں تیل کا مساج کرنا چاہئے۔ روئی کو سرسوں کے تیل میں بھگوکر سر کے بالوں میں مانگ نکال کر لگائیں۔ اس کے بعد انگلیوں کی پوروں سے مالش کریں۔ پندرہ منٹ تک آہستہ آہستہ کنگھی کریں اور اس کے بعد تولیہ بھگوکر نچوڑلیں اور سر پر لپیٹ دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر یہی طریقہ دہرائیں۔ یہ عمل تین مرتبہ کریں بعد میں باریک کنگھی سر پر پھیریں۔ اس کے بعد ایک تو تیل جڑوں میں جذب ہوجائے گا، دوسرا جلد کی خشکی کنگھی میں آجائے گی۔ اس عمل کے بعد اپنے بالوں کو کسی اچھے شیمپو سے دھوئیں۔