نسیم ٹیکم گڑھی (یوپی)
قلی…!
دس کلو کا بیاگ ٹانگے پیٹھ پر بچّہ چلا
بوجھ اتنا لاد کر اسکول میں پڑھ پائیگا
بات سن کر ٹیچر نے میری مسکرا کر یہ کہا
کچھ نہ بن پایا تو پیارے پھر قلی بن جائیگا
………………………
آزمانا ہے
یہ بچہ تو تمہارا لڑکیوں کے ساتھ رہتا ہے
چُھڑانے اسکی عادت کو میرے ہاں فارمولہ ہے
یہ سن کر ماں نے ٹیچر سے کہا اسکی نقل دیدو
اسے بچہ کے ابّا پر مجھے کل آزمانا ہے
مرسلہ : شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
………………………
فرید سحر ؔ
غزل ( طنز و مزاح)
جب بڑھاپا سوار ہوتا ہے
باپ بیٹے پہ بار ہوتا ہے
پھول جس کو کبھی سمجھتے تھے
اب وہ کیکر کا خار ہوتا ہے
کیسے جیتیں گے اب لڑائی یہ
ہم پہ پیچھے سے وار ہوتا ہے
بلب سارے ہی رہتے ہیں روشن
جب بھی میٹر میں تار ہوتا ہے
پیار ہوتا ہے خودغرض سب کا
بے غرض ماں کا پیار ہوتا ہے
آف کرتے ہیں ہم بھی گاڑی کو
جب سڑک پر اُتار ہوتا ہے
لفظ ہوتا ہے ایک موتی بھی
لفظ خنجر کی دھار ہوتا ہے
پہلے لڑکی فرار ہوتی تھی
آج لڑکا فرار ہوتا ہے
قرض دیتے ہیں یار کو جب بھی
دور ہم سے وہ یار ہوتا ہے
آج اپنا بھی ائے سحرؔ اچھے
شاعروں میں شُمار ہوتا ہے
………………………
دو آدمی …!
٭ ایک دفعہ ایک بیوقوف کا قبرستان سے گذر ہوا ۔ اس نے ایک قبر پر ایک کتبہ دیکھا جس پر لکھا تھا ’’ایک وکیل اور دیانت دار آدمی‘‘۔ اُس نے کئی مرتبہ کتبے کو پڑھا اور سر کھجاکر بولا ’’تعجب ہے کہ کس طرح دوشخص ایک قبر میں دفن کردیئے گئے ۔
سید عفیف الدین عفّان ۔راجیونگر
………………………
مرض پکڑا گیا…!
٭ ایک بھولا بھالا ( بلکہ خبطی قسم کا ) مریض ڈاکٹر سے رجوع ہوکر بولا : ڈاکٹر صاحب مجھے شدید تکلیف ہے اور جسم کے جس کسی حصہ پر اُنگلی لگاتا ہوں ، بہت درد ہوتا ہے ۔
ڈاکٹر بھی بڑا ’’لائق‘‘ تھا ، سارے جسم کے ایکسرے کروا ڈالے اور بعد ازاں اس نتیجہ پر پہنچا کہ ’’مریض کی انگلی میں فریکچر ہے !‘‘
زکریا سلطان ۔ ریاض ، سعودی عرب
………………………
توبہ کر توبہ …!
٭ ایک میاں بیوی میں شدید جھگڑا ہوا ، جھگڑے کے دوران بیوی نے شوہر سے کہا ’’تمہارے بدلے میری شادی کسی شیطان سے ہوجاتی تو اچھا تھا …!‘‘
شوہر : توبہ کر توبہ ! بھائی بہن کا نکاح نہیں ہوتا معلوم …؟
سیدہ عمیرہ صالحین ۔راجیونگر، حیدرآباد
………………………
کب ضرورت پڑ جائے …!
بیوی شوہر سے : ہمارے پڑؤس میں ایک ڈاکٹر صاحب رہنے کیلئے آئے ہوئے ہیں ، ہمیں اُن سے دوستی کرلینی چاہئے ، پتہ نہیںکب ہمیں اُن کی ضرورت پڑجائے ؟
شوہر : ہمیں اس زندگی میں اُن کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔
بیوی : کیوں ؟
شوہر : کیونکہ وہ بیماری کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نہیں ہیں بلکہ پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر ہیں …!
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ نظام آباد
………………………
عورت اور مرد میں فرق …!
٭ ایک ممتحن نے سوال کیا کہ عورت اور مرد میں کیا فرق ہے واضح کرور ایک طالب علم نے اس کا جواب لکھا :
مرد ضروری چیز کی قیمت دوگنی ادا کرے گا ، بھلے ہی اس کی قیمت نصف سے کم بھی ہو اور عورت ایک روپیہ کی چیز دو روپیہ میں لے آئے گی چاہے اس کی ضرورت نہ ہو …!
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
………………………