شیر کو زہر دے کر ہلاک کرنے پر 5 افراد گرفتار

حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( پی ٹی آئی ) : شیر کو مبینہ طور پر ہلاک کرنے پر پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ناگرجنا ساگر سری سیلم ٹائیگر ریزرو میں محبوب نگر کے منانور کے قریب شیر کو ہلاک کیا گیا ۔ سینئیر پولیس عہدیدار کے مطابق گرفتار شدگان کے پاس سے شیر کے پنجے برآمد کیے گئے ۔ شیر نے منانور گاوں میں ایک گائے کو اپنا شکار بنایا جس پر چرواہے جی لچا نے مردہ گائے کے جسم میں زہر ملا دیا ۔

زہریلا جانور کھانے کے بعد شیر کی منانور سے تقریبا دو کیلو میٹر دور موت واقع ہوگئی ۔ یہ واقعہ 16 جنوری کو پیش آیا ۔ دیگر ملزمین نے شیر کے پنجے اور اس کی کھال نکال لی ۔ تحقیقات کے بعد پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے پاس سے پنجے و کھال برآمد کرلی ۔ ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔۔