حیدرآباد 12 جون (سیاست نیوز) میر چوک پولیس نے شیر خوار بچہ کا اغواء کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک سالہ وشنو کا اس کے خالو مدیلیٹی نے اغوا کیاتھا ۔ اپنی سالی سے بدلہ لینے کیلئے اس شخص نے یہ اقدام کیا تھا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس میر چوک مسٹر گنگا دھر نے بات بتائی ۔ انہوں نے ایک پولیس کانفرنس کے دوران اغواء کار مدیلیٹی کو پیش کیا اور شیر خوار بچہ کو اس کے والدین کے حوالے کردیا ۔ 10 جون کے دن وشنو کی والدہ جیوتی نے جو چادر گھاٹ جھونپڑ پٹی علاقہ کے ساکن بالراج کی بیوی ہے ۔ اس نے شکایت درج کروائی تھی اور پولیس کو بتایا تھا کہ اس کا بہنوائی مدیلیٹی اس کے مکان آیا تھا ۔ جب اس کا ایک سالہ لڑکا وشنو حالت نیند میں تھا ۔ جیوتی اس وقت گھریلو کام کاج میں مصروف تھی ۔مدیلیٹی نے کسی کو بتائے بغیر بچہ کو لیکر باہر چلا گیا اور واپس نہیں آیا ۔ پولیس میر چوک شکایت کے فوری بعد شہریوں کو چوکس کردیا اور اضلاع کی پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی تھی جس کے سبب مدیلیٹی کو جڑ چرلہ بس اسٹانڈ کے قریب اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ بچہ کو لیکر اپنے آبائی مقام کرنول فرار ہونے کی کوشش میں تھا ۔ پولیس نے گرفتار شخص کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔