حیدرآباد /14 فروری ( سیاست نیوز ) سعیدآباد کے علاقہ میں پیش آئے سنسنی خیز واردات میں ایک گیارہ ماہ کے بچے کا اغواء کرلیا گیا ۔ گیارہ ماہ کے لڑکے ویراٹ کو خود اس کے چچا نے اغواء کنندا کے حوالے کردیا ۔ جب وہ پانی بھر نے کی کوششیں کر رہا تھا ۔ انسپکٹر سعیدآباد سرینواس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد اغواء کنندہ کا خاکہ تیار کرتے ہوئے حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے علاوہ سائبرآباد اور پڑوسی ضلع ہیڈ کوارٹرس کو چوکس کردیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گیارہ ماہ کا شیرخوار ویراٹ جو سنگارینی کالونی سعیدآباد کے ساکن دیوا کا بیٹا ہے ۔ آج صبح اغواء کا شکار ہوگا ۔
دیوا اور اس کی بیوی منگاتی سنگارینی کالونی کے سلم علاقہ میں رہتے ہیں جبکہ دیوا کا بھائی وچایا بھی پڑوس میں رہتا تھا ۔ دونوں بھائی پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتائے گئے ہیں ۔ آج صبح دیوا اپنا آٹو لیکر کاروبار پر چلاگیا اور مکان کے پاس وچایا تھا جس کو دیوا کی بیوی منگاتی نے اپنا بچہ حوالے کیا اور وہ اسے کالونی میں لیکر گھوم رہا تھا اور اس دوران پانی حاصل کرنے کی کوشش میں وچایا نے بچہ کو اجنبی شخص کے حوالے کردیا اور تقریباً آدھے گھنٹے تک اپنے کام میں مصروف ہوگیا ۔ جس کے بعد جب وہ گھر پہونچا تو اس کی بھابی نے بچہ کے تعلق سے پوچھا تب پریشان ہوگیا اس مقام پر پہونچا تاہم اجنبی شخص بچے کو لیکر فرار ہوگیا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ اجنبی شخص گذشتہ 2 تا 3 دن سے علاقہ میں گھوم رہا تھا ۔ پولیس سعیدآباد مصروف تحقیقات ہے ۔