شیخ پیٹ میں زیر تعمیر 5 منزلہ عمارت منہدم

حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز)شیخ پیٹ میں زیر تعمیر پانچ منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔ اس واقعہ کے بعد شیخ پیٹ علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ملبہ میں دبے ہوئے تین مزدوروں کو باہر نکالا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس عمارت کی تعمیر کیلئے ایک منزل کی اجازت حاصل کی گئی تھی اور غیر مجاز طور پر چار منزل تعمیر کئے گئے ۔عمارت اچانک منہدم ہونے کے بعد متصل عمارت پر جا ٹکی ۔ اس بات کی اطلاع پر جوبلی ہلز تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر ماگنٹی گوپی ناتھ نے وہاں پہنچ کر جی ایچ ایم سی اور محکمہ مال کے عہدیداروں کو طلب کرلیا ۔ شیخ پیٹ تحصیلدار چندرا کلا نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور منہدم عمارت کے ملبہ کی صفائی کیلئے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔ اس حادثہ میں عمارت کے پلر اچانک منہدم ہوگئے اور جی ایچ ایم سی عہدیدار اس واقعہ کا پتہ لگانے ماہرین کی مدد حاصل کی ہے ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون وینکٹیشور راو نے جائے حادثہ پہنچ کر معائنہ کیا ۔ حادثہ کے بعد عوام منہدم عمارت کو دیکھنے کثیر تعداد میں جمع ہوگئے تھے ۔