شیخ شاہ زیب کو نیشنل گیمس میں سلور میڈل

حیدرآباد۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں 22 تا 26 نومبر منعقدہ 62 ویں نیشنل اسکول گیمس میں حیدرآباد کے ابھرتے اتھلیٹ شیخ شاہ زیب نے ووشو بوائز انڈر 17 میں تلنگانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا ہے۔ شاہ زیب نے 40 کیلو گرام سے کم زمرے میں تلنگانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ اس سے قبل ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ 62 ویں انٹر اسکول ڈسٹرکٹ لیول اسکول اور گیمس ٹورنمنٹ میں انہوں نے 38 کیلوگرام زمرے میں شرکت کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ جنگم میٹ باکسنگ کلب میں باکسر اسماعیل کی سرپرستی میں شاہ زیب حالیہ چند ٹورنمنٹس میں شاندار مظاہرے کررہے ہیں۔ بھوپال میں سلور میڈل کی کامیابی پر روزنامہ سیاست کے ایڈیٹر جناب زاہد علی خان نے انہیں مبارکباد دینے کے علاوہ مستقبل میں مزید شاندار فتوحات کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ شاہ زیب جوکہ گوتم ماڈل ہائی اسکول شاہ علی بنڈہ میں 8 ویں جماعت کے طالب علم ہیں اور اسکول کی پرنسپل سنیتا میڈم نے بھی ہونہار کھلاڑی کو مبارکباد دی۔

 

کرس گیل پر دولت کی بارش
چٹاگانگ ۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے اوپنر کرس گیل پر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں دولت کی بارش ہو رہی ہے۔ ان کی خدمات چٹاگانگ وائی کنگز نے حاصل کر رکھی ہے جس کے عوض انہیں میچ میں ہر رن پر کم و بیش دو لاکھ ٹکا کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے رنگپور رائیڈرز کیخلاف 40رنز بنا کر اپنے بینک اکاؤنٹ میں75 لاکھ ٹکا منتقل کئے۔ چٹاگانگ کی فرنچائز چار میچوں کے عوض انہیں تین کروڑ ٹکا دے گی اورہر میچ کے انہیں75لاکھ ملیں گے۔