شیخ سلمان ایشیائی فٹبال کانفیڈریشن کے صدر منتخب

منامہ۔2مئی( سیاست ڈاٹ کام ) ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بحرین میں منعقدہ اس ادارہ کی کانگریس میں میں شاذو نادر ہی کئے جانے والے ایک احتجاج کو روک دینے کے اقدام کی مدافعت کی ۔ جنوبی کوریا کے مندوب نے اس کانگریس سے خطاب کی کوشش کی تھی لیکن انہیں شائستگی کے ساتھ خاموش کردیا گیا اور ایشیائی فٹبال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کو دوسری میعاد کیلئے بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا اور ان کے ساتھی کویت کے شیخ احمد الصباح کو فیڈریشن آف فٹبال اسوسی ایشن کی عاملہ کا رکن منتخب کیا گیا ۔ کانگریس کا یہ اجلاس کسی آواز و احتجاج کے بغیر جاری رہا جس پر شیخ سلمان اور شیخ احمد الفھد نے اپنی گرفت مضبوط کرلیا تھا ۔ کنفیڈریشن کے جنرل سکریٹری الیکس سوس نے کہا کہ جنوبی کوریائی مندوبین کو اجلاس سے خطاب کرنے کا کوئیحق نہیں تھا کیونکہ انہوں نے پیشگی درخواست نہیں دی تھی ۔

شیخ سلمان نے جنوبی کوریا کے فٹبال سربراہ چنگ مونگ ۔ کویئی کو اظہار خیال سے روک دیا اور شہ نشین پر معمولی بحث و تکرار کے بعد چنگ مونگ کو خالی ہاتھ جلسہ گاہ سے باہر نکل جانا پڑا ۔ چنگ مونگ کو ووٹنگ میں شکست ہوگئی تھی اور کویت کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شیخ احمد کو جنہیں اس ادارہ کے انتظامیہ پر غیر معمولی بالادستی حاصل ہے فیفا کی رکن عاملہ کا رکن منتخب کیا گیا تھا جس پر نہ صرف جنوبی کوریا بلکہ دیگر شرکاء چراغ پا ہوگئے تھے ۔فیفا میں شمولیت کے ساتھ شیخ احمد نے اپنے اثر و رسوخ میں زبردست اضافہ کرلیا ہے ۔ وہ پہلے ہی ایشیائی اولمپک کونسل اور قومی اولمپائی کمیٹیوں کے اسوسیایشن کے سربراہ ہیں ۔ اس نئے عہدہ کے ساتھ انہیں اسپورٹس کی دنیا میں غیر معمولی طور پر کلیدی مقام حاصل ہوگیاہے ۔ شیخ احمد کا انتخاب نہ صرف شیخ سلمان کی صدارت کیلئے اہمیت کا حامل ہے بلکہ فیفا کے صدر سپ بلئر کے لئے بھی نمایاں اہمیت رکھتا ہے ۔ بلائر پانچویں میعاد کیلئے مقابلہ کررہے ہیں ۔ اس دوران یہ بھی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ شیخ فھد الاحمد مستقبل میں فیفا کی صدارت کے دعویدار ہوسکتے ہیں ۔