شہید فوجیوں کو تلنگانہ مسلم انٹلیکچول فورم کا خراج عقیدت

کریم نگر۔ 27 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ مسلم انٹلیکچول فورم کریم نگر کا اہم اجلاس ہدیٰ ہائی اسکول کریم نگر میں بصدارت عبدالرشید صدر ضلع تلنگانہ مسلم انٹلیکچول فورم منعقد ہوا جس میں اُری سیکٹر کشمیر میں حالیہ واقعہ میں شہید ہوئے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 2 منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ اس موقع پر محمد ریاض علی رضوی ریاستی جنرل سیکریٹری تلنگانہ مسلم انٹلیکچول فورم نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو اپنے ملک کی پالیسی کا حصہ بناتے ہوئے دہشت گردوں کو سرحد پار کرنے میں مدد کررہا ہے جس کا ہندوستانی حکومت مناسب جواب دے اور شہید فوجیوں کے ورثا کو مناسب معاوضہ ادا کرتے ہوئے ارکان خاندان کی ذمہ داری لے۔ ریاض علی رضوی نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے بی سی کمیشن کے قیام کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار کے میدان میں 12% تحفظات کیلئے اسمبلی میں بل منظور کرے۔ عبدالرشید صدر ضلع TMIF نے مخاطب کرتے ہوئے مسلم تحفظات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے ضلعی سطح کے ہر فورم کو مستحکم بنانے کیلئے دانشور حضرات کو آگے آنے کا مشورہ دیا اور جناب محمد مصطفیٰ انصاری کو TMIF ضلع کیلئے ورکنگ صدر، ڈاکٹر ایم اے ساجد کو نائب صدر، محمد اکرم علی کو آرگنائزنگ سیکریٹری ضلع TMIF نامزد کرنے کی تجویز پیش کی جس پر فورم کے ریاستی جنرل سیکریٹری محمد ریاض علی رضوی نے تمام ارکان کی متفقہ آراء سے منظوری دی۔ بعدازاں نومنتخبہ ورکنگ صدر محمد مصطفی انصاری نے اظہار تشکر کرتے ہوئے مسلمانوں کو تحفظات کو ناگزیر قرار دیا۔ اس موقع پر محمد انکشاف علی معاون صدر TMIF کریم نگر، محمود علی صدیقی نائب صدر TMIF، محمد عبدالرفیق نائب صدر TMIF، محمد عبدالقادر ، محسن محی الدین میڈیا سیکریٹری TMIF، محمد اکرم علی آرگنائزنگ سیکریٹری TMIF ، کریم نگر، محمد مقتدر مکرم خازن TMIF، ارکان عاملہ میں ایوب علی خاں، شاداب، فرید، محمد ارشد علی اور دیگر موجود تھے۔